Pages

Saturday, 24 September 2016

جہاد کا لغوی معنی و مفہوم

جہاد کا لغوی معنی و مفہوم
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
جہاد جہد بالضم یا جہد بالفتح سے مشتق ہے جس کا معنی خوب محنت و مشقت کے ہیں ۔ لغت کی کتابوں میں جہاد ک لغوی معنی کو ان الفاظ میں بیان کیا گیا ہے ۔
بذل اقصی ما یستطیعہ الانسان من طاقتہ لنیل محبوب او لدفع مکروہ
انسان کا اپنی کسی مرغوب چیز کو حاصل کرنے یا نا پسندیدہ چیز سے بچنے کے لئے انتہائی درجے کی بھر پور کوشش کرنا ۔

جہاد کے شرعی معنی ​

تمام فقہاء کرام کا اتفاق ہے کہ جہاد شریعت میں قتال فی سبیل اللہ اور اس کی معاونت کو کہتے ہیں اس کی مکمل وضاحت کے لئے مذاہب اربعہ کی مستند کتابوں کے حوالہ جات ملاحظہ فرمائیے ۔
جہادکی تعریف فقہ حنفی میں ​
(1) الجہاد بذل الوسع والطاقۃ بالقتال فی سبیل اللہ عزوجل بالنفس والمال و اللسان و غیر ذالک
اللہ رب العزت کے راستے میں قتال کرنے میں اپنی جان ، مال اور زبان اور دوسری چیزوں سے بھر پور کوشش کرنے کو جہاد کہتے ہیں ۔ (البدائع والصنائع )
(2) الجہاد دعوۃ الکفار الی الدین الحق وقتالہم ان لم یقبلوا۔
جہاد کے معنی کافروں کو دین حق کی طرف دعوت دینا اور ان سے قتال کرنا اگر وہ دین حق کو قبول نہ کریں ۔ (فتح القدیر)

جہاد کی تعریف فقہ مالکی میں​

قتال المسلم کافراً ذی عہد لا علاء لکمۃاللہ
جہادکے معنی مسلمانوں کا ذی عہد کافروں سے اللہ ک دین کی سر بلندی کے لئے قتال کرنا۔ (حاشیہ العدوی ۔ الشرح الصغیر)

جہاد کی تعریف فقہ شافعی میں​

وشر عابذل الجہد فی قتال الکفار
اور جہاد کے شرعی معنی اپنی پوری کوشش کافروں سے قتال کرنے میں صرف کرنا (فتح الباری)
جہاد کی تعریف فقہ حنبلی میں ​
الجہاد قتال الکفار
جہاد کافروں سے لڑنے کو کہتے ہیں ۔ (مطالب اولی النہی)

یہ تو تھی جہاد کی شرعی تعریف اب آئیے جہاد کے حکم کی طرف ۔
جہاد کا حکم​
امام سرخسی رحمہ اللہ فرماتے ہیں
''جہاد ایک محکم فریضہ اور اللہ پاک کا قطعی فیصلہ ہے ۔ جہاد کا منکر کافر ہوگا اور جہاد سے ضد رکھنے والا گمراہ ہوگا''۔ (فتح القدیر ص 191،ج5)
صاحب الاختیار فرماتے ہیں
''جہاد ایک محکم اور قطعی فریضہ ہے جس کا منکر کافر ہے اور یہ فریضہ قرآن و حدیث اور امت کے اجماع سے ثابت ہے ۔''(فتح القدیر ص 191 ،ج5 )
جہاد کی اقسام​
کافروں سے جہاد کرنے کی دو قسمیں ہیں (1) اقدامی جہاد (2) دفاعی جہاد
اقدامی جہاد:یعنی مسلمانوں کا کافروں کے خلاف خود اقدام جہاد کرنا ، اگر یہ اقدام ان کافروں پر ہے جن تک دین کی دعوت پہنچ چکی ہے تو ایسے کافروں کو حملے سے پہلے دعوت دینا مستحب ہے اور اگردعوت نہیں پہنچی تو پہلے دعوت دی جائے گی اگر نہ مانیں تو جزیہ کا مطالبہ کیا جائے گا اور یہ بھی نہ مانیں تو ان سے قتال کیا جائےگا۔
اقدامی جہاد: کی بدولت وہ کافر جو مسلمانوں کے خلاف کارروائی کا ارادہ رکھتے ہوں دب جاتے ہیں اور ان کے دشمن خوف زدہ اور مرعوب ہو کر اسلام کے خلاف سازشیں نہیں کرتے اس لئے کافروں کو مرعوب رکھنے اور انہیں اپنے غلط عزائم کی تکمیل سے روکنے اور دعوت اسلام کو دنیا کے ایک ایک چپے تک پہنچانے اور دعوت کے راستے سے رکاوٹیں ہٹانے کے لئے اقدامی جہاد فرض کفایہ ہے۔ اگر کچھ مسلمان یہ عمل کرتے ہیں تو سب کی طرف سے کافی ہے لیکن اگر کوئی بھی نہ کرے تو سب گناہ گار ہوں گے۔
فتاویٰ شامی میں ہیں مسلمانوں کے امام کے لئے ضروری ہے کہ وہ دارالحرب کی طرف ہر سال ایک یا دو مرتبہ لشکر بھیجے اور عوام پر ضروری ہے کہ وہ اس میں اپنے امام کی مدد کریں اگر امام لشکر نہیں بھیجے گا تو گناہ گار ہوگا ۔(فتاویٰ شامی)
نبی اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے کا اکثر جہاد اقدامی تھا۔ قرآن مجید نے مسلمانوں کو اقدامی جہاد کی تلقین فرمائی ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ اگر اقدامی جہاد ہوتا رہے تو دفاعی کی ضرورت ہی پیش نہ آئے لیکن جب مسلمان اقدامی جہاد کے فریضے غفلت کرتے ہیں تو انہیں دفاعی جہاد پر مجبور ہونا پڑتا ہے جیسا کہ اس دور میں ہو رہاہے۔

دفاعی جہاد: یعنی اپنے ملک پر حملہ کرنے والے کفار سے دفاعی جنگ لڑنا یہ اہم ترین فریضہ ہے ۔ حضرات فقہاء کرام کی عبارت پر غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ مندرجہ ذیل صورتوں میں جہاد فرض عین ہو جاتا ہے ۔
(1) جب کفار مسلمانوں کے کسی شہر یا بستی پر حملہ آور ہو جائیں یا قابض ہو جائیں ۔
(2) جب کفار مسلمانوں کے کچھ افراد کو گرفتار کرلیں ۔
(3) ایک مسلمان عورت گرفتار ہو جائے تو اسے کافروں سے نجات دلانا تمام مسلمانان عالم پر فرض ہو جاتا ہے۔
(4) جب امام پوری قوم یا کچھ افراد کو جہاد کے لئے نکلنے کا حکم دے۔
(5) جب مسلمانوں اور کافروں کی جماعتیں ایک دوسرے کے آمنے سامنے آجائٰیں اور جنگ شروع ہو جائے۔
فائدہ : فرض عین کا معنی یہ ہے کہ اس جہاد میں سب نکلیں گے یہاں تک کہ بیٹا والدین کی اجازت کے بغیر ، بیوی اپنے خاوند کی اجازت کے بغیر ، مقروض اپنے قرض خواہ کی اجازت کے بغیر نکلیں گے۔
ابتدائی طور پر یہ جہاد اس علاقے کے مسلمانوں پر فرض ہوتا ہے جن پر حملہ ہوا ہو لیکن اگر وہ کافروں کے مقابلے میں کافی نہ ہوں یا سستی کریں تو ان کے ساتھ والوں پر فرض ہوجاتا ہے ۔ اگر وہ بھی کافی نہ ہوں یا سستی کریں تو ان کے ساتھ والوں پر ۔ اس طرح سے مشرق سے لے کر مغرب تک تمام مسلمانو ں پر فرض ہوجاتا ہے ۔
دفاعی جہاد کے متعلق حضرت امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں :​
"دفاعی جہاد یعنی اپنے دین اور حرمت کے دفاع کے لئےلڑنا یہ اجتماعی طور پر اہم ترین فریضہ ہے ۔ وہ دشمن جو مسلمانوں کے دین اور دنیا کو تباہ کرنے کے لئے حملہ آور ہواہے ایمان کے بعد اس کے ساتھ لڑنے سے بڑا فریضہ اور کوئی نہیں ۔ اس دفاعی جہاد کے لئے کوئی چیز شرط نہیں یعنی توشہ اور سواری تک شرط نہیں بلکہ ہر ایک حتی الامکان دشمن کا مقابلہ کرے۔"
فقہاء کرام کی تصریحات سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ دفاعی جہاد صرف اسی وقت فرض نہیں ہوتا جس وقت کافر حملہ کردیں بلکہ جب کافر مسلمانوں سے "مسافت سفر "کی دوری پر ہو ں تو اسی وقت اس شہر کے مسلمانوں پر جہاد فرض ہوجاتا ہے ۔ (نہایۃ المحتاج ص58 ،ج8)

قرآن مجید اور جہاد​
قرآن مجید میں جہاد کا مسئلہ بہت ہی اہمیت اور تفصیل سے بیان ہوا ہے ۔ محققین کی رائے یہ ہے کہ اعمال میں جس قدر تفصیل قرآن مجید نے جہاد کی بیان کی ہے اور کسی عمل کی اس قدر تفصیل بیان نہیں کی ۔ اللہ رب العزت نے اس عمل پر اہل ایمان کو کھڑا کرنے کے لئے قرآن مجید کی سورتوں کی سورتیں نازل فرمائیں۔ سینکڑوں ایات میں مختلف انداز اور پیراؤں میں مسائل جہاد کو سمجھایا جہاد کے منافع اور مقاصد کا تفصیل سے بیان ہوا۔ مجاہد کے مقام کو مکمل وضاحت سے کھول کھول کر بیان کیا۔ جہاد نہ کرنے کے نقصانات اور وعیدوں کو پوری طرح تفصیل سے بیان کیا گیا۔ قرآن مجید کو تدبر سے پڑھنے اور سمجھنے والے بعض بڑے مفسرین حضرات کی رائے یہ ہے قرآن مجید کا موضوع ہی جہاد ہے ۔
قرآن مجید نے جہاد فی سبیل اللہ کی اصطلاح کو جا بجا استعمال فرمایا ہے ۔ جس کے معنی قتال فی سبیل اللہ کے آتے ہیں اور خود قتال کا صیغہ بھی بار بار استعمال ہوا ہے ۔ کتاب اللہ میں جہاد فی سبیل اللہ کے26 صیغے ہیں اور قتال کے 79 صیغے استعمال ہوئے ہیں ۔
قرآن مجید کی بعض پوری کی پوری سورتیں جہاد کے احکام و فضائل اور جہاد ترک کرنے والوں پر وعیدوں کے متعلق نازل ہوئٰیں جیسے دس رکوع پر مشتمل سورۃ انفال جس کا دوسرا نام سورۃ بدر ہے اور سولہ رکوع پر مشتمل سورۃ براۃ جس کے اور بھی کئی نام ہیں ۔ قرآن مجید کی سورۃ حدید میں آلات جہاد کی طرف اشارہ ہے ، سورۃ بقرہ، سورۃ نساء اور سورۃ مائدہ میں بھی تفصیل سے جہاد کا بیان ہے۔ سورۃ احزاب ، سورۃ محمد (قتال)، سورۃ فتح ، سورۃ الصف کے جنگی ناموں ہی سے ان سورتوں کے جہادی مضامین کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے ، سورۃ عادیات میں مجاہدین کے گھوڑوں کی قسمیں کھائی گئی ہیں اور سورۃ نصر میں جہاد کے ذریعے دین کے عالمگیر انقلاب اور مقبولیت کا بیان ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ جو مسلمان ایک مرتبہ قرآن مجید کا صحیح مطالعہ کرے تو اس کی روح میدان جہاد میں جانے کے لئے بے چین ہو جاتی ہے اور اسے جہاد کی حقیقت کا ادراک ہو جاتا ہے ۔ اس لئے دشمنان جہاد کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ مسلمانوں کو قرآن سے دور رکھیں کیونکہ قرآن مجید کے سمجھنے والے کسی بھی مسلمان کو جہاد سے دور کرنا بہت ہی مشکل ہے۔

حدیث شریف اور جہاد​

اللہ رب العزت نے اپنے محبوب نبی حضرت محمد مصطفٰی صلی اللہ علیہ وسلم کو قتال کرنے اور قتال پر ابھارنے کا حکم دیا۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ان دونوں احکام پر کما حقہ عمل فرمایا۔ چنانچہ ترغیب جہاد کے سلسلے میں آپ صلی علیہ وسلم کے ہزاروں فرامین کتب حدیث میں موجود ہیں ۔
حضرات محدثین کرام نے آنحضرت صلی علیہ وسلم کے جہاد کے متعلق اقوال و افعال کو جمع فرمایا ہے۔ ان اقوال و افعال کی کثرت کا اندازہ تو ان کتب کے مطالعہ ہی سے ہو سکتاہے جو جہاد کی اہمیت کاواضح ثبوت ہیں۔ ذیل میں ہم کتب حدیث میں کتاب الجہاد کے مقامات لکھ رہے ہیں تاکہ ذوق تحقیق رکھنے والے قارئین سہولت کے ساتھ احدیث جہاد تلاش کرسکیں۔

1۔ صحیح بخاری شریف میں کتاب الجہاد کے عنوان سے 241 ابواب ہیں۔ (صفحہ 390 تا 452 جلد اول)
2۔ صحیح مسلم شریف میں کتاب الجہاد کے عنوان سے 100 ابواب ہیں ۔(صفحہ 81 تا 144 جلد دوم)
3 ۔ ترمذی شریف میں کتاب الجہاد کے عنوان سے 155 ابواب ہیں ۔ (صفحہ 342 تا 362 جلد اول )
4۔ ابو داؤد شریف میں کتاب الجہاد کے عنوان سے 176 ابواب ہیں ۔ (صفحہ 342 تا 362 جلد اول / 2 تا 9 جلد دوم)
5۔ نسائی شریف میں کتاب الجہاد کے عنوان سے 48 ابواب ہیں ۔ (صفحہ 53 تا 66 جلد دوم )
6۔ ابن ماجہ شریف میں کتاب الجہاد کے عنوان سے 46 ابواب ہیں ۔ (صفحہ 197 تا 207 )
7۔ مشکوٰۃشریف میں کتاب الجہاد جلد اول صفحہ 329 تا 355 ( کل صفحات 26 )
8۔ الترغیب والترہیب میں کتاب الجہاد صفحہ 365 تا 455 جلد ثانی ( کل صفحات 90 )
9۔ مصنف ابن ابی شیبہ میں کتاب الجہاد صفحہ 212 تا 546 ( کل صفحات 334 )
10۔ سنن کبرٰی بیہقی میں کتاب الجہاد جلد 9 صفحہ 1 تا 183 ( کل صفحات 183 )
11۔ کنزالعمال میں کتاب الجہاد جلد 4 صفحہ 278 تا 637 (کل صفحات 359 )
12۔ اعلاء السنن میں کتاب الجہاد جلد 12 صفحہ 1 تا 674 )
کتب فقہ میں کتاب الجہاد کے مراجع​
1۔ فتح القدیر میں کتاب الجہاد جلد 5 صفحہ 187 تا 333 ( کل صفحات 146 )
2۔ البحرالرائق میں کتاب الجہاد جلد 5 صفحہ 70تا 142 (کل صفحات 72 )
3۔ فتاوٰی شامی میں کتاب الجہاد جلد 4 صفحہ 119 تا 268 ( کل صفحات 149 )

جہاد کے موضوع پر مستقل تصانیف ​

ویسے تو جہاد کی ضرورت اور اہمیت اور اس کے عظیم الشان فضائل اور اعلی مقام کے پیش نظر حدیث و فقہ کی ہر کتاب میں جہاد پر طویل ابواب باندھے گئے ہیں اور سینکڑوں صفحات پر جہاد کے فضائل و احکام کو لکھا گیا ہے مگر امت می٘ں سے بعض اکابر نے اس موضوع پر مستقل تصانیف فرمائیں ، ان اسلاف میں سے چند کے اسماء گرامی ذکر کئے جاتے ہیں ۔
(1) ابو سلیمان داؤد بن علی داؤد الاصفہانی الظاہری المتوفی 270ھ(کتاب الجہاد )
(2) احمد بن عمروبن الضحاک الشیبانی ، ابو بکر، المعروف بابن ابی عاصم المتوفی 278 ھ (الجہاد )
(3) ثابت بن نذیر القطبی المالکی المتوفی 318 ھ (الجہاد )
(4) ابراہیم بن حماد بن اسحاق الازدی المالکی المتوفی 323 ھ (کتاب الجہاد )
(5) ابو سلیمان حمد بن محمد الخطابی المتوفی 388 ھ (الجہاد)
(6) ابو بکر محمد بن الطیب الباقلانی المتوفی403 ھ (فضل الجہاد)
(7) تقی الدین عبد الغنی بن عبد الواحد بن ولی الجماعیلی المقدسی المتوفی 600 ھ ان کی کتاب کا نام "تحفۃ الطالبین فی الجہاد و المجاہدین " ہے۔
(8) ابو قاسم بن علی بن الحسن بن ہبۃ اللہ المعروف با بن عساکر 600 ھ(الجہاد )
(9) عزالدین علی بن محمد الجزری المعروف با بن اثیر المتوفی 630 ھ (الجہاد )
(10) بہاءالدین ابو المحاسن یوسف بن رافع المعروف با بن شداد الموصلی الجلی المتوفی 632 ھ ھ (احکام الجہاد)
(11) ابو محمد عزالدین عبدالعزیز بن عبدالسلام السلمی المتوفی 660 ھ ان کی کتاب کا نام "احکام الجہاد و فضائلہ" ہے ۔
(12) عماد الدین اسماعیل بن عمر المعروف با بن کثیر الحافظ الد مشقی المتوفی 774 ھ ۔ان کی کتاب کانام "الاجتہادفی طلب الجہاد "ہے ۔
(13) علی بن مصطفٰی علاء الدین البوسنوی الرومی الحنفی الشہیر علی ددہ المتوفی 1007 ھ(الجہاد و فضائلہ)
(14) حسام الدین خلیل البر سوی الرومی المتوفی 1042 ھ (فضائل جہاد )(ماخوذ از مقدمہ کتاب الجہاد لا بن المبارک از۔ ڈاکٹر نزہہ حماد )

جہاد کے موضوع پر اہم ترین تصنیف حضرت امام ابو عبد الرحمان عبد اللہ بن المبارک المروزی الحنظلی کی "کتاب الجہاد "ہے۔ عظیم مجاہد اور بلند پایہ امام و فقیہ کے قلم سے نکلنے والی یہ تصنیف اپنے موضوع پر ایک منفرد مقام کی حامل ہے ۔ حضرت عبد اللہ بن مبارک کے یہ جواہر پارے بار بار چھپ چکے ہیں اور عوام و خواص میں مقبول ہیں۔

اِسلام کی آفاقی اور ہمہ جہت تعلیمات کا دائرہِ کار اِنسانی زندگی کے اِنفرادی اور اِجتماعی، ہر شعبہِ حیات کو محیط ہے۔ اِن تعلیمات کا مقصود ایک متحرک، مربوط، معتدل اور پُراَمن اِنسانی معاشرے کا قیام ہے۔ اِسلام نے اِجتماعی اور ریاستی سطح پر قیامِ اَمن (establishment of peace)، نفاذِ عدل (enforcement of justice)، حقوقِ اِنسانی کی بحالی (restoration of human rights) اور ظلم و عدوان کے خاتمہ (elimination of violence and aggression) کے لیے جہاد کا تصور عطا کیا ہے۔ جہاد دراَصل اِنفرادی زندگی سے لے کر قومی، ملی اور بین الاقوامی زندگی کی اِصلاح کے لیے عملِ پیہم اور جہدِ مسلسل کا نام ہے۔

بدقسمتی سے دنیا کے مختلف حصوں میں اِسلام اور جہاد کے نام پر ہونے والی اِنتہا پسندانہ اور دہشت گردانہ کارروائیوں کی وجہ سے عالمِ اِسلام اور عالم مغرب میں آج کل تصورِ جہاد کو غلط انداز میں سمجھا اور پیش کیا جا رہا ہے۔ جہاد کاتصور ذہن میں آتے ہی خون ریزی اور جنگ و جدال کا تاثر اُبھرتا ہے۔ بدقسمتی سے فی زمانہ جہاد کے نظریے کو نظریہ اَمن اور نظریہ عدمِ تشدد کا متضاد سمجھا جاتا ہے۔ مغربی میڈیا میں اب لفظِ جہاد کو قتل و غارت گری اور دہشت گردی کے متبادل کے طور پر ہی استعمال کیا جاتا ہے۔

آج کل عالم اِسلام یا غیر اِسلامی دنیا میں سے جو بھی جہاد کا نام سنتا ہے اس کے سامنے ایک ایسا تصور اُبھرتا ہے جس میں نفاذِ اِسلام اور قیامِ خلافت کے نام پر مسلمان غیر مسلموں کو قتل کرتے ہوئے، فتنہ و فساد پھیلاتے ہوئے، خون خرابہ کرتے ہوئے اور اِنسانی معاشروں کو مختلف طبقات میں تقسیم کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ حالانکہ حقیقت میں جہاد ایک ایسی پُراَمن، تعمیری، سماجی، اَخلاقی اور روحانی جد و جہد (peaceful, constructive, social, moral and spiritual struggle) کا نام ہے جو حق و صداقت اور اِنسانیت کی فلاح کے لیے انجام دی جاتی ہے۔ بنیادی طور پر اِس جد و جہد کا جنگی معرکہ آرائی اور مسلح ٹکراؤ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ جد و جہد اُصولی بنیادوں پر صرف ایسے ماحول کا تقاضا کرتی ہے جس میں ہر شخص کا ضمیر، زبان اور قلم اپنا پیغام دلوں تک پہنچانے میں آزاد ہو۔ معاشرے میں اَمن اَمان کا دور دورہ ہو۔ اِنسانی حقوق مکمل طور پر محفوظ ہوں۔ ظلم و اِستحصال اور جبر و اِستبداد کی کوئی گنجائش نہ ہو اور دنیا کے تمام ممالک پُراَمن بقاے باہمی کے رشتے میں منسلک ہوں۔ لیکن جب اَمن دشمن طاقتیں علم و عقل کی رہنمائی سے محروم ہو کر مقابلہ پر آجائیں اور اِجتماعی اَمن و سکون اور نظم و نسق کے خلاف تباہ کن سازشیں اور علی الاعلان جنگی تدابیرکرنے لگیں تو ایسے وقت میں جہاد کے معنی یہ ہوتے ہیں کہ اَمن و سلامتی اور اِنسانیت کے دشمنوں کے خلاف مسلح جد و جہد کی جائے تاکہ اَمن و آشتی کے ماحول کو بحال (restoration of peaceful environment) اور خیر و فلاح پر مبنی معاشرہ قائم کیا جا سکے۔

1۔ جہاد کا لغوی معنی

لفظِ جہاد، جھد سے ماخوذ ہے۔ لفظ جہد جیم پر زبر کے ساتھ جَهْدٌ اور پیش کے ساتھ جُهْدٌ دونوں طرح مستعمل ہے۔ یہ ایک کثیر المعانی لفظ ہے جس کے لغوی معنی سخت محنت و مشقت (diligent labour & hard work)، طاقت و اِستطاعت، کوشش اور جد و جہد کے ہیں۔ ذیل میں ہم چند مشہور اَئمہِ لغت کی کتب سے جہاد کا مفہوم بیان کرتے ہیں:

1۔ امام ابن فارس (م395ھ) لفظِ جہد کا معنی بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں:

جَهْدٌ الْجَيْمُ وَالْهَاءُ وَالدَّالُ أَصْلُهُ الْمَشَقَّةُ، ثُمَّ يُحْمَلُ عَلَيْهِ مَا يُقَارِبُهُ.

ابن فارس، معجم مقاييس اللغة : 210

لفظِ جہد (جیم، ھاء اور دال) کے معنی اَصلاً محنت و مشقت کے ہیں، پھر اس کا اطلاق اس کے قریب المعنی الفاظ پر بھی کیا جاتاہے۔

2۔ امام ابو منصور محمد بن احمد الازھری (م370ھ) معروف لغوی امام اللیث کے حوالے سے لفظِ جہد کا معنی بیان کرتے ہیں:

وَقَالَ اللَّيْثُ: اَلْجَهْدُ: مَا جَهَدَ الإِْنْسَانَ مِنْ مَرَضٍ أَوْ أَمْرٍ شَاقٍٍّ فَهُوَ مَجْهُوْدٌ. قَالَ: وَالْجُهْدُ لُغَةً بِهٰذِهِ الْمَعْنٰی، قَالَ: وَالْجُهْدُ: شَيئٌ قَلِيْلٌ يَعِيْشُ بِهِ الْمُقِلُّ عَلٰی جَهْدِ الْعَيْشِ. قَالَ اﷲُ جَلَّ وَعَزَّ: {وَالَّذِيْنَ لَا يَجِدُوْنَ اِلَّا جُهْدَهُمْ}(1) عَلٰی هٰذَا الْمَعْنٰی.(2)

التوبة، 9 : 79

أزهری، تهذيب اللغة، 6 : 37

امام لیث کہتے ہیں: جَهْدٌ (جیم کی فتح کے ساتھ) سے مراد وہ شے ہے جو انسان کو تھکا دے، خواہ وہ کوئی بیماری ہو یا کوئی دوسرا مشقت آمیز کام۔ انہوں نے کہا: لغوی طور پر جُهْدٌ کا بھی یہی معنی ہے۔ جُهْدٌ کا ایک معنی قلیل شے ہے جس پر کوئی مفلس شخص بڑی مشکل کے ساتھ گزارا کرتاہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: {وَالَّذِيْنَ لَا يَجِدُوْنَ اِلَّا جُهْدَهُمْ} ’جو اپنی محنت و مشقت کے سوا (کچھ زیادہ مقدور) نہیں پاتے‘۔

3۔ امام راغب اصفہانی (م502ھ) لفظ جہد کے معانی بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں:

جَهَدَ، الْجَهْدُ، والْجُهْدُ: الطَّاقَةُ وَالْمَشَقَّةُ. وَقِيْلَ: الْجَهْدُ بِالْفَتْحِ الْمَشَقَّةُ، وَالْجُهْدُ: الْوَاسِعُ وَقِيْلَ: الْجُهْدُ لِلإِْنْسَانِ: وَقَالَ تَعَالٰی: {وَالَّذِيْنَ لَا يَجِدُوْنَ اِلَّا جُهْدَهُم(1). وَقَالَ تَعَالٰی: {وَاَقْسَمُوْا بِاﷲِ جَهْدَ اَيْمَانِهِمْ}(2) أَيْ حَلَفُوْا وَاجْتَهَدُوْا فِي الْحَلْفِ أَنْ يَأْتُوْا بِهِ عَلٰی أَبْلَغِ مَا فِي وُسْعِهِمْ. وَالْاِجْتِهَادُ: أَخْذُ النَّفْسِ بِبَذْلِ الطَّاقَةِ وَتَحَمُّلِ الْمَشَقَّةِ. يُقَالُ: جَهَدْتُ رَأْيِي. وَأَجْهَدْتُهُ: أَتْعَبْتُهُ بِالْفِکْرِ. وَالْجِهَادُ وَالْمُجَاهَدَةُ: اسْتِفْرَاغُ الْوَسْعِ فِي مُدَافَعَةِ الْعَدُوِّ. وَالْجِهَادُ ثَـلَاثَةُ أَضْرُبٍ: مُجَاهَدَةُ الْعَدُوِّ الظَّاهِرِ؛ وَمُجَاهَدَةُ الشَّيْطَانِ؛ وَمُجَاَهَدَةُ النَّفْسِ. وَتَدْخُلُ ثَـلَاثَتُهَا فِي قَوْلِهِ تَعَالٰی: {وَجَاهِدُوْا فِی اﷲِ حَقَّ جِهَادِهِ}(3)، {وَجَاهِدُوْا بِاَمْوَالِکُمْ وَاَنْفُسِکُمْ فِيْ سَبِيْلِ اﷲِ}(4)، {اِنَّ الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا وَهَاجَرُوْا وَجٰهَدُوْا بِاَمْوَالِهِمْ وَاَنْفُسِهِمْ فِيْ سَبِيْلِ اﷲِ}(5). وَقَالَ صلی الله عليه وآله وسلم: ’جَاهِدُوْا أَهْوَاءَ کُمْ کَمَا تُجَاهِدُوْنَ أَعْدَاءَکُمْ‘. وَالْمُجَاهَدَةُ تَکُوْنُ بِالْيَدِ وَاللِّسَانِ، قَالَ صلی الله عليه وآله وسلم: ’جَاهِدُوْا الْکُفَّارَ بِأَيْدِيْکُمْ وَأَلْسِنَتِکُمْ‘.(6)

التوبة، 9 : 79
الانعام، 6 : 109
الحج،22 : 78
التوبة: 9 : 41
الأنفال، 8 : 72
راغب أصفهانی، المفردات في غريب القرآن: 101
جَهَدَ، اَلْجَهْدُ اور اَلْجُهْدُ کے معنی طاقت و اِستطاعت اور محنت و مشقت کے ہیں اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ جیم پر زبر کے ساتھ الجَہد مشقت کے معنی میں ہے اور الجُہد کا معنی کسی چیز کا وسیع ہونا ہے۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ الجُھد کا استعمال اِنسانوں کے لیے خاص ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: {وَالَّذِيْنَ لَا يَجِدُوْنَ اِلَّا جُهْدَهُمْ} ’’جو اپنی محنت و مشقت کے سوا (کچھ زیادہ مقدور) نہیں پاتے‘‘ اور فرمایا: {وَاَقْسَمُوْا بِاﷲِ جَهْدَ اَيْمَانِهِمْ} ’’وہ بڑے تاکیدی حلف کے ساتھ اﷲ کی قسم کھاتے ہیں‘‘ یعنی وہ حتی الوسع تاکید کے ساتھ قسم کھاتے ہیں کہ وہ اس قسم کو پورا کریں گے۔ اسی طرح اِجتہاد کا معنی ہے: نفس کو ہمت و طاقت کے صرف کرنے اور مشقت کو برداشت کرنے کا پابند بنانا۔ کہا جاتا ہے: جَهَدْتُ رَأْيِي وَأَجْهَدْتُهُ یعنی ’میں نے اپنی رائے خوب سوچ بچار اور غور و فکر کے بعد قائم کی ہے‘۔ جہاد اور مجاہدہ کا معنی ہے: دشمن سے مدافعت کرتے ہوئے اپنی قوت و طاقت اور صلاحیت کو استعمال کرنا۔ جہاد کی تین اقسام ہیں: ظاہری دشمن کے خلاف جہاد، شیطان کے خلاف جہاد اور نفس کے خلاف جہاد۔ یہ تینوں اَقسام ان اِرشاداتِ ربانی میں شامل ہیں: {وَجَاهِدُوْا فِی اﷲِ حَقَّ جِهَادِهِ} ’اور اﷲ (کی محبت و طاعت) میں جہاد کرو جیسا کہ جہاد کا حق ہے‘، {وَجَاهِدُوْا بِاَمْوَالِکُمْ وَاَنْفُسِکُمْ فِيْ سَبِيْلِ اﷲِ} ’اور اپنے مال و جان سے اﷲ کی راہ میں جہاد کرو‘، {اِنَّ الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا وَهَاجَرُوْا وَجٰهَدُوْا بِاَمْوَالِهِمْ وَاَنْفُسِهِمْ فِيْ سَبِيْلِ اﷲِ} ’بے شک جو لوگ ایمان لائے اور انہوں نے (اللہ کے لیے) وطن چھوڑ دیے اور اپنے مالوں اور اپنی جانوں سے اللہ کی راہ میں جہاد کیا‘۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ہے: اپنی خواہشات کے خلاف جہاد کرو جس طرح تم اپنے دشمن کے خلاف جہاد کرتے ہو۔ یہ جہاد ہاتھ سے بھی ہوتا ہے اور زبان سے بھی، جیسا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ہے: کفار سے ہاتھ اور زبان دونوں سے جہاد کرو۔
4۔ علامہ اِبن منظور افریقی (630-711ھ) امامِ لغت فراء کے حوالے سے لفظِ جہد کا معنی بیان کرتے ہیں:

قَالَ الْفَرَّاءُ: اَلْـجُهْدُ فِي هَذِهِ الآيَةِ الطَّاقَةُ؛ تَقُوْلُ: هٰذَا جُهْدِي أَيْ طَاقَتِـي؛ وَقُرِيئَ {وَالَّذِيْنَ لَا يَجِدُوْنَ اِلَّا جُهْدَهُمْ}(1) وَجَهْدَهُمْ، بِالضَّمِّ وَالْفَتْـحِ؛ الْـجُهْدُ، بِالضَّمِّ: الطّاقَةُ وَالْـجَهْدُ، بِالْفَتْـحِ: مِنْ قَوْلِکَ: إِجْهَدْ جَهْدَکَ فـِي هٰذَا الأَمْرِ أَيْ أُبْلُغْ غَايَتَکَ.(2)

التوبة،9 : 79
ابن منظور، لسان العرب،3 : 134
فراء کہتے ہیں: اِس آیت میں جہد سے مراد طاقت و اِستطاعت (strength & capacity) ہے۔ جیسا کہ آپ کہتے ہیں: هٰذَا جُهْدِي ’یہ میری طاقت و استطاعت ہے‘۔ آیت {وَالَّذِيْنَ لَا يَجِدُوْنَ اِلَّا جُهْدَهُمْ} ’جو اپنی محنت و مشقت کے سوا (کچھ زیادہ مقدور) نہیں پاتے‘ لفظِ جہد جیم پر پیش اور زبر دونوں حرکات کے ساتھ پڑھا گیا ہے۔ پیش کے ساتھ جُهْد کا معنی ’طاقت و استطاعت‘ ہے اور زبر کے ساتھ اس کا معنی ’غایت درجہ کوشش کرنا‘ ہے؛ جیسا کہ آپ کہتے ہیں: إِجْهَدْ جَهْدَکَ فـِي هٰذَا الأَمْر ِ یعنی ’اس معاملہ کو اپنی انتہائی کوشش و محنت سے انجام تک پہنچاؤ‘۔

0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔