مسلمان کے کردار کی نشانیاں
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
ہم کردار مسلم کی کچھ علامات اور نشانیاں ایک مسلمان کے وجود میں تلاش کریں۔ ان علامات اور نشانیوں کا تعین ہم اپنے اپنے تصورات اور نظریات سے نہیں کرتے بلکہ ہم آقا علیہ السلام سے اس بارے رہنمائی لیتے ہیں کہ یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم! آپ کی نگاہ میں ایک مسلمان کون ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے متعدد فرامین میں ایک مسلم کردار کی کچھ علامات بیان کی ہیں۔ آیئے! ان احادیث مبارکہ سے علاماتِ کردارِ مسلم کا مطالعہ کرتے ہیں:
زبان سے تمام لوگ محفوظ رہیں
حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
المسلم من سلم المسلمون من لسانه ديده.
’’مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں‘‘۔
(بخاری، الصحيح، باب من سلم المسلمون، رقم11)
اس حدیث مبارکہ کا پہلا حصہ یہ ہے کہ ایک مسلمان کی زبان دوسروں کو تکلیف و اذیت نہ دے۔ اس کی زبان پر کسی کی تحقیر نہ ہو، وہ زبان فحش سے پاک ہو، وہ زبان سب و شتم سے دور ہو، وہ زبان گالی گلوچ سے محفوظ ہو، وہ زبان طعن و تشنیع سے ماوراء ہو۔ اس لئے کہ یہ زبان ہی لوگوں کے درمیان محبت اور یہی لوگوں کے درمیان نفرت پیدا کرتی ہے۔ یہ زبان جوڑتی بھی ہے اور توڑتی بھی ہے۔ یہ زبان دوست بھی بناتی ہے اور دشمن بھی بناتی ہے۔ یہ زبان ہی چھری، کانٹے، چاقو اور تلوار سے بھی زیادہ گہرا زخم لگاتی ہے۔ اسی لئے کسی عربی شاعر نے زبان کی اس خاصیت کا اظہار یوں کیا:
جراحت الاسنان لها التيام
ولا يلتام من جرح باللسان
’’جو زخم چھری و تلوار سے لگایا جائے وہ بھر جاتا ہے اورجو زخم زبان سے لگایا جائے وہ نہیں بھرتا‘‘۔
آج ہماری معاشرتی زندگی، کاروباری زندگی، گھریلو زندگی، دفتری زندگی میں عدم سکون، پریشانی و اضطراب اور نااتفاقی و بے چینی کا سب سے بڑا سبب ہماری نوک دار زبان ہے جو چھری اور تلوار سے بھی زیادہ تیز ہے۔ جو ایسا کاٹتی ہے کہ کسی کو دوستی سے ہی کاٹ دیتی ہے، کسی کو رشتے ہی سے فارغ کردیتی ہے، کسی کو دیرینہ تعلق سے محروم کردیتی ہے، کسی کی لازوال وفائوں کو ایک لمحے میں خاکستر کردیتی ہے۔ یہ زبان بسانے پر آئے تو وفائوں کے گلستان آباد کرتی ہے اور یہ زبان اجاڑنے پر آئے تو پھول چہروں کو مرجھا اور جھلسا دیتی ہے۔ اس زبان کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کرتے ہوئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
’’جو شخص مجھے اپنی زبان کی ضمانت دے دے میں اسے جنت کی ضمانت دیتا ہوں‘‘۔
اس زبان کے شر سے ہم نے دوسرے مسلمانوں کو محفوظ کرنا ہے تب ہی ہماری مسلمانی مسلّم ہوگی۔
صرف مسلمان کا مسلمان ہی کا محافظ ہونا نہیں بلکہ مسلمان ہر ایک انسان کا محافظ ہونا اسلام کی علامت ہے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ مسلمان وہ ہے:
من سلم الناس من لسانه و يده.
(احمد بن حنبل المسند، 2، ص187، رقم6753)
’’جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے لوگ محفوط رہیں‘‘۔
کردار مسلم یہ ہے کہ اس کے وجود سے صرف مسلمان نہیں بلکہ دوسرے تمام انسان بھی محفوظ رہیں۔ اس کی زبان کسی بھی انسان کی دلآزاری نہ کرے، اس کے ہاتھ کسی بھی انسان کا خون نہ بہائیں اور کسی انسان کا مال نہ لوٹیں۔ اگر یہ علامات کسی وجود میں پائی جائیں تو وہ مسلم وجود ہے اور ایک مسلم کردار کا حامل ہے۔
ہاتھ سے دوسرے انسان محفوظ رہیں
کردار مسلم کی دوسری نشانی و علامت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یہ بیان فرمائی کہ لوگ اس کے ہاتھ سے محفوظ رہیں۔ یعنی اس کے ہاتھ لوگوں کو شر نہ پہنچائیں، اس کے ہاتھوں سے فعل حرام سرزد نہ ہو، اس کا ہاتھ قتل و غارت میں ملوث نہ ہو، اس کا ہاتھ چوری و ڈکیتی میں مصروف نہ ہو، اس کا ہاتھ کرپشن، بدعنوانی اور حرام خوری کا خوگر نہ ہو، اس کا ہاتھ دجل، فراڈ، دھوکہ دہی میں آلہ کار نہ ہو، اس کا ہاتھ ظلم و ستم کرنے، وحشت و بربریت بپا کرنے میں شاغل نہ ہو، اس کا ہاتھ فتنہ و فساد، خونریزی، قتل و غارت گری اور دہشت گردی میںملوث نہ ہو۔ گویا جس کی زبان سلامتی والی ہے اور جس کے ہاتھ سلامتی والے ہیں وہی مسلمان ہے۔ وہی اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پسندیدہ اور محبوب ہے۔
آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
المسلم اخوالمسلم لا يظلمه ولا يسلمه.
(بخاری، الصحيح، باب لا يظلم المسلم، 2: 862، رقم 2301)
’’مسلمان مسلمان کا بھائی ہے نہ وہ اس پر ظلم کرتا ہے اور نہ اسے بے یارومددگار چھوڑتا ہے‘‘۔
ظلم کرنا یہ ہے کہ کسی انسان کو اس کے حق سے محروم کردیا جائے۔ انسان کسی کا مال ناجائز طریقے سے ہڑپ کرلے، کسی کو اس کی جائیداد سے محروم کردے، کسی کی زمین پر قبضہ کرلے، کسی کا مال لوٹ لے۔ ہر وہ چیز ظلم ہے جو اس کا حق نہیں اور وہ اس چیز کو اس مظلوم سے اپنی قوت و طاقت اور ڈر و دہشت کی بنا پر جبراً چھین لے۔ اس دینے میں مظلوم کی مرضی شامل نہ ہو، تو یہ ظلم ہے۔ ظلم بالواسطہ ہو یا بلاواسطہ ہو، اس کی ہر صورت ظلم ہے اور اسلام نے اس سے منع کیا ہے۔
مسلمان کے مال، جان اور عزت کی حفاظت
مسلمان کا کردار سلامتی والا ہے اور ہر ظلم سے پاک ہے۔ اسی کردارِ مسلم کا تقاضا ہے کہ ہر مسلمان اپنے اندر اسلام کی یہ علامات پیدا کرے کہ وہ خود کو سراسر سلامتی والا، پرامن اور ہر ظلم سے پاک بنائے اور اس کی عملی تعبیر اپنے وجود سے یوں ظاہر کرے جسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یوں بیان فرمایا:
کل المسلم علی المسلم حرام دمه وماله وعرضه.
(مسلم، الصحيح، کتاب البر والصلة، 4: 1986، الرقم: 2564)
’’ایک مسلمان پر دوسرے مسلمان کا خون، اس کا مال اور اس کی عزت حرام ہے‘‘۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یہ ارشاد گرامی اور یہ کلمات مبارکہ اطاعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صورت میں اگر ہماری زندگیوں میں آجائیں، ہماری سیرت، عمل اور کردار فرمان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے روشنی پائے تو اسلامی معاشرے سے بڑا پرامن، بقائے باہمی، سلامتی و آشتی، محبت و پیار اور تحمل و رواداری والا معاشرہ کوئی اور نہیں ہوسکتا۔ آج کردار مسلم کا زوال یہ ہے کہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احکامات ہماری زندگیوں میں اترتے ہوئے دکھائی نہیں دیتے۔ ہم نام کے تو مسلمان ہیں مگر عمل میں اسلام نظر نہیں آتا۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
کونوا عباد الله اخوانا.
(مسلم، الصحيح، کتاب البر والصلة، 4/ 1986، الرقم: 2564)
’’اے اللہ کے بندو باہم بھائی بھائی بن جاؤ‘‘۔
افسوس آج ہم اس فرمانِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو فراموش کئے ہوئے ہیں اور ایک دوسرے کے خون کے پیاسے بن چکے ہیں۔
کردار مسلم اور متفرق علامات
سوال یہ ہے کہ اخوت بین المسلمین کیسے اور کس طرح قائم ہوسکتی ہے؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس کا طریقہ بھی خود بتادیا ہے۔ حضرت ابوہریرہ روایت کرتے ہیں کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
لاَ تَحَاسَدُوْا وَلَا تَنَاجَشُوا وَلَا تَبَاغَضُوْا وَلَا تَدَابَرُوْا وَلَا يَبِيْع بَعْضکم عَلی بَيع بَعْض.
’’ایک دوسرے سے حسد نہ کرو، ایک دوسرے کو دھوکہ نہ دو، ایک دوسرے سے بغض نہ رکھو، اور ایک دوسرے سے منہ نہ موڑو اور تم میں سے کوئی شخص دوسرے کے سودے پر اپنا سودا نہ کرے‘‘۔
مزید برآں فرمایا: مسلمان وہ ہے جو:
ولا يظلمه ولا يخذله ولا يحقره.
’’نہ تو ظلم کرتا ہے، نہ اسے ذلیل کرتا ہے اور نہ اسے حقیر جانتا ہے‘‘۔
ایک اور مقام پر فرمایا:
لا يخونه ولا يکذبه ولا يخذله.
(ترمذي، السنن، باب ماجاء في شفقة المسلم، 4/325)
’’مسلمان دوسرے مسلمان سے نہ خیانت کرتا ہے اور نہ اس سے جھوٹ بولتا ہے اور نہ اسے ذلیل کرتا ہے‘‘۔
آج ہم اپنے وجودوں میں اس مسلمان کو تلاش کرنا چاہتے ہیں جس کی علامات اور نشانیاں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بیان کی ہیں۔ یہی علامات اور صفات اگر ہمارے وجودوں میں پائی جائیں تو تبھی ہم کردارِ مسلم کے حامل ہوسکتے ہیں اور اس آیہ کریمہ کے مصداق ھو سمکم المسلمین کے اہل ہوسکتے ہیں۔
مذکورہ فرامین میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے درج ذیل امور کی جانب ہماری توجہ مبذول کروائی۔
مسلمان دوسرے مسلمان سے حسد نہیں کرتا۔ اس لئے کہ حسد انسان میں نفرت و عداوت پیدا کرتا ہے۔ حسد انسان کی نیکیوں کو ختم کرتا ہے۔ حاسد محروم رہتا ہے۔ اس لئے اسلام حسد کے بجائے رشک کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔
ایک مسلمان دوسرے مسلمان کو دھوکہ نہ دے اور فراڈ سے مال نہ بنائے۔ اس لئے کہ دھوکے کا مال انسان کو اللہ کی نصرت اور برکت سے محروم کرتا ہے۔
ایک دوسرے سے بغض نہ رکھو۔ اس لئے کہ بغض دل کا میل ہے جو عداوت کو جنم دیتا ہے اور عداوت انسان کو اللہ کی رحمت اور فضل سے محروم کرتی ہے۔
ایک مسلمان دوسرے مسلمان سے کسی بھی بناء پر رخ نہ موڑے یعنی قطع تعلقی نہ کرے۔ کسی کے وجود میں اگر شر ہے تو اس کے شر سے بچے لیکن اس کو حقیر جان کر اس کے وجود سے نفرت نہ کرے۔
ایک مسلمان دوسرے مسلمان کو رسوا نہ کرے۔ ہر نفس عزت کا مستحق ہے۔ کسی بھی انسان کی تذلیل نہ کی جائے۔ کسی کو بھی رسوا نہ کیا جائے، کسی کو بے حیثیت نہ جانا جائے۔ انسان سے بحیثیت انسان پیار کیا جائے اور مسلمان کا بحیثیت مسلمان احترام کیا جائے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایک موقع پر ایک شرابی پر حد لگوائی۔وہ سزاکے بعد جانے لگا تو کچھ لوگوں نے اسے کہا: ’’اللہ تجھے رسوا کرے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: اسے یوں نہ کہو اور اس طرح کہہ کر اس پر شیطان کو مسلط نہ کرو‘‘۔
0 comments:
اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔