Pages

Thursday 10 November 2016

امیر معاویہ رضی اللہ تعالٰی عنہ اجلّہ صحابہ کرام رضوان اللہ تعالٰی علیہم سے ہیں

امیر معاویہ رضی اللہ تعالٰی عنہ اجلّہ صحابہ کرام رضوان اللہ تعالٰی علیہم سے ہیں، صحیح ترمذی شریف میں ہے رسول اﷲ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم نے ان کے لیے دعا فرمائی۔اللھم اجعلہ ھادیا مھدیا واھد بہ ۔۱؂

الہٰی ! اسے راہ نما راہ یاب کر اور اس کے ذریعہ سے لوگوں کو ہدایت دے۔

( ۱ ؎جامع الترمذی ابواب المناقب مناقب معاویہ بن ابی سفیان امین کمپنی دہلی ۲/ ۲۲۵)

صحابہ کرام میں کسی کو کافر بے دین نہ کہے گا مگر کافر بے دین یا گمراہ بددین، عزیز جبار واحد قہار جل وعلا نے صحابہ کرام کو دو قسم کیاایک وہ کہ قبل فتح مکہ جنہوں نے راہِ خدا میں خرچ وقتال کیا دوسرے وہ جنہوں نے بعد فتح پھر فرمادیا کہ دونوں فریق سے اللہ عزوجل نے بھلائی کا وعدہ فرمایا اور ساتھ ہی فرمادیا کہ اللہ کو تمہارے کاموں کی خوب خبر ہے کہ تم کیا کیا کرنے والے ہو باینہمہ اس نے تم سب سے حسنی کا وعدہ فرمایا۔ یہاں قرآن عظیم نے ان دریدہ دہنوں، بیباکوں، بے ادب، ناپاکوں کے منہ میں پتھر دے دیا جو صحابہ کرام کے افعال سے اُن پر طعن چاہتے ہیں وہ بشرطِ صحت اللہ عزوجل کو معلوم تھے پھر بھی اُن سب سے حسنٰی کا وعدہ فرمایا ، تو اب جومعترض ہے اللہ واحدقہار پر معترض ہے جنت ومدارج عالیہ اس معترض کے ہاتھ میں نہیں اﷲ عزوجل کے ہاتھ ہیں معترض اپنا سرکھاتار ہے گا اور اللہ نے جو حُسنی کا وعدہ اُن سے فرمایا ہے ضرور پورا فرمائے گا اور معترض جہنم میں سزاپائے گا وہ آیہ کریمہ یہ ہے:

لایستوی منکم من انفق من قبل الفتح وقاتل اولئک اعظم درجۃ من الذین انفقوا من بعد وقاتلوا وکلا وعد اﷲ الحسنٰی واﷲ بما تعملون خبیر ۔۲؂

اے محبوب کے صحابیو! تم میں برابر نہیں وہ جنہوں نے فتح سے پہلے خرچ وقتال کیا وہ رُتبے میں بعد والوں سے بڑے ہیں، اور دونوں فریق سے اﷲ نے حُسنی کا وعدہ کرلیا، اور اﷲ خوب جانتا ہے جو کچھ تم کرنے والے ہو۔

(۲ ؎ القرآن الکریم ۵۷/ ۱۰)

اب جن کے لیے اﷲ کا وعدہ حسنٰی کا ہولیا اُن کا حال بھی قرآن عظیم سے سنئے: ان الذین سبقت لہم منا الحسنٰی اولئک عنہا مبعدون oلایسمعون حسیسہا وھم فی ما اشتھت انفسھم خٰلدونoلایحزنھم الفزع الاکبر وتتلقٰھم الملئکۃ ھذا یومکم الذی کنتم توعدون ۔۱؂

بے شک جن کے لیے ہمارا وعدہ حُسنٰی کا ہوچکا وہ جہنم سے دور رکھے گئے ہیں اس کی بھِنک تک نہ سُنیں گے اور ہمیشہ اپنی من مانتی مرادوں میں رہیں گے۔وہ بڑی گھبراہٹ قیامت کی ہلچل انہیں غم نہ دے گی اور فرشتے ان کا استقبال کریں گے یہ کہتے ہوئے کہ یہ ہے تمہارا وہ دن جس کا تمہیں وعدہ دیا جاتا تھا۔

( ۱ ؎ القرآن الکریم ۲۱/ ۱۰۱ و۱۰۲ )

یہ ہے جمیع صحابہ کرام سیدالانام علیہ وعلیہم الصلوۃ والسلام کے لیے قرآن کریم کی شہادت امیرالمومنین مولٰی المسلمین علی مرتضٰی مشکلکشا کرم اﷲ تعالٰی وجہہ الکریم قسم اول میں ہیں جن کو فرمایا:اولٰئک اعظم درجۃ ۔۲؂

اُن کے مرتبے قسم دوم والوں سے بڑے ہیں، اور امیر معاویہ رضی اللہ تعالٰی عنہم قسم دوم میں ہیں، اور حسنٰی کا وعدہ اور یہ تمام بشارتیں سب کوشامل۔

(۲ ؎ القرآن الکریم ۵۷/ ۱۰)

ولہذا امیر المومنین مولٰی علی رضی اللہ تعالٰی عنہ سے ابن عساکر کی حدیث ہے کہ رسول اﷲ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم نے فرمایا:تکون لاصحابی زلّۃ یغفرھا اﷲ لھم لسابقتھم معی ثم یأتی قوم بعد ھم یکبھم اﷲ علی مناخرھم فی النار ۳؎

میرے اصحاب سے لغزش ہوگی جسے اﷲ عزوجل معاف فرمائے گا اُس سابقہ کے سبب جو اُ ن کو میری بارگاہ میں ہے پھر اُن کے بعد کچھ لوگ آئیں گی کہ انہیں اﷲ تعالٰی ان کے منہ کے بل جہنم میں اوندھا کرے گا۔یہ ہیں وہ کہ صحابہ کی لغزشوں پر گرفت کریں گے۔

( ۳ ؎ المعجم الاوسط حدیث ۳۲۴۳ مکتبۃ المعارف ریاض ۴/ ۱۴۲ ومجمع الزوائد ۷/ ۲۳۴)

ولہذا علامہ شہاب خفا جی رحمہ اﷲ تعالٰی نے نسیم الریاض شرح شفاء امام قاضی عیاض میں فرمایا: ومن یکون یطعن فی معٰویۃ فذالک کلب میں کلاب الہاویۃ ۔۴؂

جو امیر معاویہ پر طعن کرے وہ جہنم کے کتّوں سے ایک کُتا ہے۔

( ۴ ؎ نسیم الریاض الباب الثالث مرکز اہلسنت گجرات الہند ۳/ ۴۳۰)

واﷲ یقول الحق ویہدی السبیل

( اور اﷲ تعالٰی سچ فرماتا ہے اور سیدھے راستے کی طرف ہدایت دیتا ہے۔ت) واﷲ تعالٰی اعلم۔

0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔