مشائخ کرام علیہم الرّحمہ کے نزدیک تصوف کے چار ارکان ہیں
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
(۱) شریعت (۲) طریقت (۳) حقیقت (۴) معرفت قرآن و سنت کے ظاہری احکام کو ’’شریعت‘‘ کہا جاتا ہے - اور ’’طریقت‘‘ ان کے باطن کا نام ہے۔ مثال کے طور پر طہارتِ شرعی یہ ہے کہ بدن کو پاک کرلیا جائے لیکن ’’ طریقت‘‘کی طہارت یہ ہے کہ دل کو تمام برائیوں سے پاک کیا جائے۔ ’’شریعت‘‘ کے احکام پر عمل کرنے سے جو اثرات ذہن و قلب پر مکمل طور پر چھا جائیں اور یقین کی دولت حاصل ہو جائے تو اِسے ’’حقیقت‘‘ کہا جاتا ہے۔’’ معرفت ‘‘سے مراد ہے:اللہ تعالیٰ کی پہچان۔اس کا دوسرا نام ’’عرفان‘‘ ہے۔ جب صوفی پر حقائق کھلتے ہیں تو وہ حق الیقین کی منزل پر پہنچ جاتا ہے۔یہی عرفان ہے اور یہی معرفت ہے۔ حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء قدس سرہ فرماتے ہیں کہ جب سالک سے کوئی غلَطی ہو جاتی ہے تو ’’معرفت‘‘ سے ’’حقیقت‘‘ کی منزل پر آجاتا ہے۔جب حقیقت کی منزل پر اس سے غلطی ہوتی ہے وہ ’’طریقت‘‘ کی منزل پر آجاتا ہے۔ جب طریقت کی منزل پر اس سے غلطی ہوتی ہے تو’’شریعت‘‘ کی منزل پر آجاتا ہے۔اس لئے ’’شریعت‘‘ کی پابندی ضروری ہے۔ نکات واحد: اگر یہ سوال کیا جائے : ’’صوفی‘‘ کون ہوتا ہے؟۔۔۔۔ تو اس کا مختصر جواب یہ ہے: پاکیزہ خیال ، خیر اندیش ، نیک نیت ، اہل دل ، اہل ذوق ، فائدہ بخش اور دعا گو۔ صوفی انسانیت کا دشمن نہیں بلکہ دوست ہوتا ہے صوفی کو نفرت برے سے نہیں بلکہ برائی سے ہوتی ہے ۔ اگر صوفیا بروں سے نفرت کریں تو کون ہو گا جو بروں کو منزل کی راہنمائی کرےگا- حاشا نہ شریعت و طریقت دو راہیں ہیں نہ اولیاء کبھی غیر علماء ہو سکتے ہیں امام مالک رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: علم باطن نہ جانے گا مگر وہ جو علم ظاہر جانتا ہے ، امام شافعی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: اللہ نے کبھی کسی جاہل کو اپنا ولی نہ بنایا یعنی بنانا چاہا تو پہلے اسے علم دے دیا اسکے بعد ولی کیا ۔ شریعت ، طریقت ، حقیقت معرفت میں باہم اصلا کوئی اختلاف نہیں اس کا مدعی اگر بے سمجھے کہے تو نرا جاہل ہے اور سمجھ کر کہے تو گمراہ ، بد دین۔ شریعت، حضور اقدس سید عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اقوال ہیں، اور طریقت ، حضور کے افعال، اور حقیقت، حضور کے احوال، اور معرفت ، حضور کے علوم بے مثال .
Thursday, 3 November 2016
مشائخ کرام علیہم الرّحمہ کے نزدیک تصوف کے چار ارکان ہیں
Posted by
Unknown
0 comments:
اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔