Pages

Friday 24 March 2017

اسلام پر اعتراض کرنے والے

اسلام پر اعتراض کرنے والے
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
اسلام اور اسلامی نظریہ حیات پر اعتراضات کرنے والے لوگوں کا تجزیہ کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ تین طرح کے ہیں۔

{1}  اول تو وہ لوگ ہیں جنہیں خوب معلوم ہے کہ اسلام ہی حق اور سچ مذہب ہے اور اس کے اصول و قوانین کے نفاذہی میں پوری عالم انسانیت  کی بھلائی اور کا میابی ہے مگر تعصب و تنگ نظری،عناد وحسد جیسے مہلک مر ض میں مبتلا ہیں اور سو چتے ہیں کہ اگر اسلام کو مان لیا جائے تو پھر ہماری دنیاوی سرداری اور حکومت ختم ہو جائے گی اور ہمیں کوئی پوچھنے والا نہ رہ جائے گا۔اس لئے یہ لوگ اپنی جھوٹی چودھراہٹ کو باقی رکھنے اور اپنی ذاتی مفاد کی حصولیابی کے لئے اسلام کے مقدس اور ستھرے دامن کو داغدار کرنے کی بے جا کوششیں کرتے ہیں اور طرح طرح سے اس میں غلطیاں اور خامیاں ظاہر کر کے لوگوں کو اس سے دور رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ایسے لوگوں کو اسلام کی حقانیت پر آپ لاکھ دلائل دیجئے وہ کبھی مطمئن نہیں ہوں گے ۔کیو نکہ مطمئن وہ ہوتا ہے جسے پہلے سے اطمینان نہ ہو ۔اور یہ لوگ دلائل کی روشنی میں خوب اچھی طرح اسلام کی حقانیت جانتے ہیں ، انکار صرف تعصب وتنگ نظری یا دنیاوی مفاد کے تحت ہے۔اس لئے ایسے لوگوں کی ہدایت کے لئے صرف دعا کی جاسکتی ہے۔اس کے علاوہ کچھ نہیں۔

{2} دوسرے وہ لوگ ہیں جنہوں نے اسلام کا سر سری مطالعہ کیا ہے اور اسلامی احکام و مسائل کی حکمتوں اور وجوہات واسباب نیز قرآنی آیات کے سیاق و سباق سے غافل ہیں اس لئے بہت سارے اعتراضات ان کے ذہن ودماغ کو پر یشان کرتے رہتے ہیں ۔حالانکہ اگر وہ خود ان مسائل کا گہری نظر سے جائزہ لیں اور ٹھنڈے دل سے غور وفکر کرنے کے ساتھ ان مسائل کی تفصیلات کا مطالعہ کریں تو ان کے اعتراضات کا حل انہیں مل جائے گا۔اور عقلمندوں کا شیوہ بھی یہی ہونا چاہئے کہ اگر کوئی بات ان کی سمجھ میں نہ آئے تو خود اس کی تفصیلات جاننے کی کوشش کریں یا جاننے والوں سے پوچھیں،نہ یہ کہ خود فر یبی کے شکار ہو کر اس کے خلاف زبان طعن دراز کریں۔کیو نکہ ایسے لوگوں کو ندامت وشر مندگی کے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہوتا۔جیسے وہ شخص جس نے ایک انتہائی حسین وجمیل صوفی صورت کنوارے لڑ کے کے جسم پر کوڑے برستے دیکھا تو بجائے اس کے کہ وہ اس کے اسباب معلوم کرےاور اس کے جرم کا پتہ لگائے اس کی حمایت میں کود پڑ ے۔تو آپ خود بتا ئیں اس کا انجام کیا ہوگا۔اکثر لوگ اس بیماری میں مبتلا ہیں انہیں لوگوں کو حقیقت حال سے آگاہ کر نے کے لئے یہاں پر کچھ اعتراضات اور ان کے جوابات پیش کیے جائیں گے۔

{3} تیسرےوہ لوگ  ہیں جنہوں نے اسلام کا خود سے کچھ مطالعہ نہیں کیا بلکہ دوسروں سے سنا ہے اور اسلام دشمن عناصر کے ذریعے پیش کئے گئے ٹی وی پہ اسلام سے نفرت پیدا کرنے والے مناظر کو دیکھا ہے ۔یا کچھ اسلام کے بارے میں پڑ ھا بھی ہے تو وہ اسلام کے کٹر دشمنوں کی لکھی ہوئی کتا بیں پڑ ھی ہیں اور اسی کو حقیقت سمجھ بیٹھنے کی بھول کی ہے۔ایسے تمام لوگوں کا ہم تہ دل سے استقبال کرتے ہیں اور انہیں اسلام کی معتبر کتا بوں کے مطالعہ کی دعوت دیتے ہیں کہ وہ آگے بڑ ھیں اور حقیقت کے آئینے میں اسلام کے چہرہ زیبا کی زیارت کریں پھر حقیقت حال خود معلوم ہوجائے گی اور ہمیں کچھ کہنے کی ضرورت نہ ہوگی۔(دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)
https://www.facebook.com/sunniaqaid12/

0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔