( حصّہ دوم ) دیابنہ کی طرف سے اللہ سبحانہ و تعالیٰ کےلیئے امکان کذب(جھوٹ) ثابت کرنے کا رد
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
امام فخر الدین رازی علیہ الرحمہ اپنی تفسیر کبیر میں ارقام فرماتے ہیں : (المسئلۃ السادسۃ) قولہ وَمَنْ اَصْدَقُ مِنَ اللّٰہِ حَدِیْثًا استفہام علی سبیل الانکار والمقصود منہ بیان انہ یجب کونہ تعالٰی صادقًا وان الکذب والخلف فی قولہ محالٌ واما المعتزلۃ فقد بنوا ذٰلک علی اصلہم واما اصحابنا فدلیلہم۔ الخ
(ترجمہ) چھٹا مسئلہ۔ اللہ تعالیٰ کا قول ’’ومن اصدق الایۃ‘‘ بیان ہے اس بات کا کہ اللہ تعالیٰ کا سچا ہونا واجب ہے اور کذب اور خلف اللہ تعالیٰ کے قول میں محال ہے لیکن معتزلہ، پس انہوں نے اس کو اپنے اصول پر قائم کیا ہے اور ہمارے اصحاب پس ان کی یہ دلیل ہے۔ آخر تک۔
امکانِ کذب کا قول کفر ہے : اور وہی فخر العلماء اسی تفسیر مذکور میں فرماتے ہیں
فقد جوزوا الکذب وہٰذا خطأ عظیم بل یقرب من ان یکون کفرا فان العقلاء اجمعوا علی انہ تعالٰی منزہ عن الکذب۔ انتہٰی
(ترجمہ) پس بے شک انہوں نے کذب کو جائز کہا اور یہ بہت بڑی خطا ہے بلکہ قریب بہ کفر ہے۔ اس لئے کہ عقلاء نے اجماع کیا ہے کہ اللہ تعالیٰ کذب سے منزہ ہے۔
اور تفسیرخازن میں یوں ارشاد فرماتے ہیں : ومن اصدق من اللّٰہ حدیثا یعنی لا احد اصدق من اللّٰہ تعالٰی فانہ لا یخلف المیعاد ولا یجوز علیہ الکذب۔ انتہٰی
(ترجمہ) اللہ تعالیٰ سے زیادہ سچا کون ہے؟ ازروئے کلام کے یعنی نہیں ہے کوئی زیادہ سچا اللہ تعالیٰ سے اس لئے کہ وہ وعدہ خلافی نہیں کرتا اور نہ اس پر کذب جائز ہے۔
یہاں تک جو علماء مفسرین کی عبارتیں نقل کی گئیں یہ استحالۂ امکانِ کذبِ باری تعالیٰ پر بے شک براہین قاطعہ و حجج ساطعہ ہیں۔ اب اہل انصاف سے میری درخواست ہے کہ وہ ان تمام عبارتوں کو بغور پڑھ کر خود نتیجہ اخذ کر لیں اور بے سوچے سمجھے فوراً جواب دہی کے لئے تیار نہ ہو جائیں۔
تکلیف ما لا یطاق سے امکانِ کذب کا ردِّ بلیغ : اقوال علماء مفسرین سے امکانِ کذب باری تعالیٰ کی ایک اور طریقہ سے تردید ہو سکتی ہے جس کی تفصیل ذیل میں درج ہے۔ اشاعرہ رحمہم اللہ تعالیٰ تکلیف مالا یطاق کو جائز رکھتے ہیں اور اپنے مدعا کے ثبوت میں ان آیات سے استدلال کرتے ہیں جن میں خدا تعالیٰ نے اشخاصِ معینہ کے ایمان نہ لانے کی خبر دی ہے۔ استدلال کی تقریر اس طرح کرتے ہیں کہ ابو لہب وغیرہ کا ایمان لانا غیر ممکن ہے۔ حالانکہ وہ ایمان لانے کے مکلف ہیں۔ اگر تکلیف ما لا یطاق جائز نہ ہوتی تو ان کفار کو ایمان کی تکلیف نہ دی جاتی اور ان کے ایمان کا محال ہونا ظاہر ہے۔ اس لئے کہ اگر ان اشخاص کا ایمان لانا ممکن ہوتا تو اس کے وقوع سے محال لازم نہ آتا۔ چونکہ ایمان کا مقتضیٰ یہی ہے حالانکہ اس صورت میں یعنی اشخاص معلومہ کے وقوع ایمان کی تقدیر پر کذب باری تعالیٰ لازم آتا ہے اور وہ محال ہے ’’والمستلزم للمحال محال ۔ اب میں کہتا ہوں کہ اگر اشاعرہ کے نزدیک کذب باری ممکن ہو تو ان کے اس استدلال کے کوئی معنی نہیں ہو سکتے اس لئے کہ جب ان کے نزدیک کذب باری ممکن ہے تو ابو لہب وغیرہ کا ایمان کیونکر محال ہوا۔ اس لئے کہ اس ایمان کے محال ہونے کی صرف یہ وجہ تھی کہ اگر ان کا ایمان واقع ہو گا تو خدا تعالیٰ کا کذب لازم آئے گا اور جب خدا کا کذب محال نہ مانا گیا تو ان لوگوں کے ایمان لانے میں پھر کوئی قباحت نہیں۔ وہٰذا خلف ۔ پس معلوم ہوا کہ اشاعرہ کے نزدیک بھی کذب باری ممکن نہیں۔(دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)
چنانچہ تفسیر بیضاوی میں فرماتے ہیں : والایۃ مما احتج بہ من جوز تکلیف مالا یطاق فانہ سبحانہٗ وتعالٰی اخبر عنہم بانہم لا یؤمنون فیجتمع الضدان۔ الخ
(ترجمہ) یہ آیت ان آیتوں میں سے ہے جن سے مجوزین تکلیف مالا یطاق نے استدلال کیا ہے اس لئے کہ اللہ تعالیٰ نے ان اشخاص معلومہ کے ایمان نہ لانے کی خبر دی ہے۔ پس دو ضدیں جمع ہو جائیں گی۔ انتہیٰ
اور امام فخر الدین رازی رحمۃ اللہ علیہ اپنی تفسیر کبیر میں فرماتے ہیں : (المسئلۃ الثانیۃ) احتج اہل السنۃ بہٰذا وکل ما اشبہہا من قولہ لَقَدْ حَقَّ الْقَوْلُ عَلٰی اَکْثَرِہِمْ فَہُمْ لَا یُؤْمِنُوْنَ وقولہ وَذَرْنِیْ وَمَنْ خَلَقْتُ وَحِیْدًا الی قولہ سَاُرْہِقُہٗ صَعُوْدًا و قولہ تَبَّتْ یَدَا اَبِیْ لَہَبٍ علی تکلیف مالا یطاق و تقریرہ انہ تعالٰی اخبر عن شخص معین انہ لا یؤمن قط فلو صدر منہ الایمان لزم انقلاب الخبر الصادق کذبا والکذب عند الخصم قبیح والفعل القبیح یستلزم اما الجہل واما الحاجۃ وہما محالان علی اللّٰہ تعالٰی والمفضی الی المحال محال وقد یذکر ہٰذا فی صورۃ العـــلم وہو انہ تعالٰی لما علم منہ انہ لا یؤمن فکان صدور الایمان منہ یستلزم انقلاب علم اللّٰہ جہلا و ذٰلک محال ومستلزم المحال محال۔ انتہٰی
(ترجمہ) دوسرا مسئلہ استدلال کیا ہے اہل سنت نے اس کے ساتھ اور ہر اس شئ کے ساتھ جو اس کے مشابہ ہے۔ جیسے اللہ تعالیٰ کا قول ’’لَقَدْ حَقَّ الْقَوْلُ عَلٰی اَکْثَرِہِمْ۔ (الاٰیۃ)‘‘ اور اللہ تعالیٰ کا قول ’’وَذَرْنِیْ وَمَنْ خَلَقْتُ وَحِیْدًا‘‘ اس کے قول ’’سَاُرْہِقُہٗ صَعُوْدًا‘‘ اور اللہ کے قول ’’تَبَّتْ یَدَا اَبِیْ لَہَبٍ‘‘ سے تکلیف مالا یطاق پر اس کی تقریر یوں ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ایک معین شخص کی خبر دی کہ وہ کبھی ایمان نہ لائے گا۔ پس اگر اس سے ایمان صادر ہو جائے تو اللہ تعالیٰ کی سچی خبر جھوٹ سے بدل جائے گی اور جھوٹ مخالف کے نزدیک بھی برا ہے اور برا کام یا جہل کو مستلزم ہے یا حاجت کو اور وہ دونوں اللہ تعالیٰ پر محال ہیں اور محال کی طرف پہنچانے والا بھی محال ہے اور یہ کبھی علم کی صورت میں ذکر کیا جاتا ہے اور وہ یہ ہے کہ جب اللہ تعالیٰ نے جان لیا کہ یہ ایمان نہیں لائے گا۔ پس اس سے ایمان کا صادر ہونا مستلزم ہے اللہ کے علم کے جہل سے بدل جانے کو اور یہ محال ہے اور مستلزم محال بھی محال ہے۔ انتہیٰ
تکلیف ما لا یطاق کے مانعین کے جواب سے امکان کذب کا ردِّ عظیم : اور تکلیف مالا یطاق کے مانعین یعنی ما تریدیہ وغیرہ اس استدلال کے جواب اس طرح دیتے ہیں کہ متنازعہ فیہ جواز تکلیف مالا یطاق غیر ممکن لذاتہٖ اور ممتنع بنفسہٖ (۱) کا ہے اور وہ یہاں لازم نہیں آتا بلکہ ممتنع لغیرہٖ کی تکلیف کا جائز ہونا لازم آتا ہے اور وہ متنازعہ فیہ نہیں ہے بلکہ سب کا متفق علیہ ہے اور ہم یہ تسلیم نہیں کرتے کہ ممکن بالذات محال بالغیر سے محال بالذات لازم نہیں آتا۔ دیکھئے عدم معلول اول ممکن بالذات ممتنع بالغیر ہے اور اس سے محال بالذات یعنی عدم واجب لازم آتا ہے۔ ’’والایلزم تخلف المعلول عن علتہ التامۃ وہو محال۔‘‘ (۱) اگر ممکن بالذات کی حیثیت امتناع بالغیر پر نظر نہ کی جائے تو بے شک اس سے محال بالذات لازم نہ آئے گا۔ پس ما نحن فیہ جب کہ ابو لہب وغیرہ کا ایمان بسبب خبر دینے اور علم باری کے بالغیر ہو گیا تو اگر برتقدیر وقوع محال بالذات یعنی کذب اور جہل باری تعالیٰ کو مستلزم ہو تو اس کے امکان ذاتی کے منافی نہیں۔ اب اہل انصاف کی خدمت میں عرض ہے کہ اگر ما تریدیہ وغیرہ کے نزدیک کذب باری تعالیٰ ممکن بالذات ہوتا تو اس جواب کی کیا ضرورت تھی صرف اتنا کہہ دینا کافی تھا کہ (معاذ اللہ) ہمارے نزدیک کذب باری ممکن بالذات ہے۔ پس خدا کی کوئی خبر دینے سے ان کا ایمان غیر ممکن بالذات نہیں ہو سکتا کیونکہ برتقدیر وقوع ایمان کوئی قباحت لازم نہیں آتی۔ غایت ما فی الباب یہ کہ کذب باری لازم آئے گا اور وہ محال بالذات نہیں۔ پس ایمان ابو لہب کیونکر محال بالذات ہوا۔ پس معلوم ہوا کہ مشائخ ماتریدیہ کا بھی وہی مذہب ہے جو اشاعرہ کا مسلک ہے یعنی خدا تعالیٰ کے کلام لفظی کا کذب محال اور ممتنع بالذات ہے۔(دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)
عباراتِ علمائے متکلمین : سید سند علیہ الرحمہ شرح مواقف میں ارشاد فرماتے ہیں
تفریع علی ثبوت کلام اللّٰہ تعالٰی وہو انہ یمتنع علیہ الکذب اتفاقا
اللہ تعالیٰ کے کلام کے ثبوت پر تفریع ہے اور وہ یہ ہے کہ اس پر کذب بالاتفاق ممتنع ہے۔
اور امام المحققین علامہ جلال الدین شرح عقائد جلالی میں فرماتے ہیں
ولا یصح علیہ الحرکۃ ولا الجہل ولا الکذب لانہا نقص والنقص علی اللّٰہ محال۔
اور نہیں ہے صحیح اس پر حرکت اور نہ جہل اور نہ کذب اس لئے کہ وہ نقص ہیں اور نقص اللہ تعالیٰ پر محال ہے۔
اور دوسرے مقام پر عضد الملۃ والدین صاحب عضدیہ فرماتے ہیں
وہو منزہ عن جمیع صفات النقص کما سبق من اجماع العقلاء علٰی ذٰلک۔
اور وہ منزہ ہے تمام صفات نقص سے جیسے کہ اس پر عقلاء کا اجماع گزر گیا۔
اور صاحب مواقف نے بعد رد کرنے فرق ضالہ کے لکھا ہے
واما الفرق الناجیۃ فہم الاشاعرۃ والسلف من المحدثین واہل السنۃ والجماعۃ وقد اجمعوا علی انہ لیس فی حیز ولا جہۃ ولا یصح علیہ الحرکۃ ولا الانتقال ولا الجہل ولا الکذب ولا شئ من صفات النقص۔ الخ
(ترجمہ) اور لیکن ناجیہ فرقے پس وہ اشاعرہ ہیں اور سلف محدثین سے اور اہل سنت و جماعت اور انہوں نے اجماع کیا ہے اس بات پر کہ وہ نہ کسی حیز میں ہے اور نہ کسی جہت میں اور نہیں صحیح ہے اس پر حرکت اور نہ انتقال نہ جہل نہ کذب اور نہ کوئی شئ صفات نقص سے۔ انتہیٰ
اور صاحب حاشیہ خیالی شرح عقائد کے قول وکیف وہو تبدیل القول (۱) کے ذیل میں لکھتے ہیں ’’بل کذب منتفٍ بالاجماع‘‘ یعنی کذب بالاجماع منتفی ہے اور علامہ تفتازانی علیہ الرحمۃ نے تکلیف مالا یطاق کے اختلاف کو بیان کرتے ہوئے امکانِ کذب باری تعالیٰ کا اس طرح رد کیا ہے ۔ وقد یستدل بقولہ لاَ یُکَلِّفُ اللّٰہُ نَفْسًا اِلَّا وُسْعَہَا
اس کی تقریر یوں ہے کہ مابین اشاعرہ و معتزلہ تکلیف مالا یطاق کے امکان اور امتناع میں اختلاف ہے۔ معتزلہ کہتے ہیں کہ تکلیف مالا یطاق محال ہے جس کی دلیل میں یہ آیت کریمہ پیش کرتے ہیں ۔ لاَ یُکَلِّفُ اللّٰہُ نَفْسًا اِلَّا وُسْعَہَا (الاٰیۃ)
اگر تکلیف مالایطاق کو جائز مان لیا جائے تو کلام الٰہی میں کذب لازم آتا ہے اور وہ بالاتفاق محال ہے۔ چنانچہ اشاعرہ کثرہم اللہ تعالیٰ اس کا جواب اس طرح دیتے ہیں کہ ہم یہ تسلیم نہیں کرتے کہ ہر ممکن فی نفسہٖ کے وقوع سے جس وقت اس کو امتناع بالغیر عارض ہو محال بالذات لازم نہ آئے بلکہ یہ اس وقت واجب ہے کہ جب اس کو امتناع بالغیر عارض نہ ہو۔ جیسے ایک ممکن فی نفسہٖ کہ اس کا عدم اور وجود دونوں مساوی ہیں لیکن جس وقت اللہ تعالیٰ اس کے وجود کا ارادہ کرے تو اس وقت اس کا عدم محال ہو جاتا ہے اس لئے کہ اگر اللہ تعالیٰ کے ارادئہ مذکور کے بعد بھی اس کا عدم ممکن ہو تو معلول کا علت تامہ سے تخلف لازم آئے گا اور وہ محال بالذات ہے تو اس طرح اگر یہ بھی کذب باری تعالیٰ کو (جو کہ محال بالذات ہے) مستلزم ہو گیا تو کوئی استحالہ لازم نہیں آتا تو اگر اشاعرہ کے نزدیک کذب باری تعالیٰ ممکن ہوتا تو معتزلہ کے مقابلہ میں یہ جواب بالکل بے کار تھا۔ صاف کہہ دیتے کہ ہمارے نزدیک تکلیف مالا یطاق اور کذب باری تعالیٰ دونوں محال بالغیر ہیں ۔ اگر محال بالغیر، محال بالغیر کو مستلزم ہو گیا تو کوئی قباحت نہیں ہے دونوں ممکن ہیں ۔ تو معلوم ہوا کہ اشاعرہ کثرہم اللہ تعالیٰ کے نزدیک بھی کذب باری محال بالذات ہے۔
نیز علامہ قوسجی نے شرح تجرید میں حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر اپنے زمانے کے مسلمانوں تک امتناع کذب باری تعالیٰ پر اجماع نقل کیا ہے اور محقق دوانی شرح عقائد جلالی میں فرماتے ہیں
قلت الکذب نقص والنقص علیہ تعالٰی محال فلا یکون من الممکنات ولا یشملہ القدرۃ کما لا یشمل سائر وجوہ النقص علیہ تعالٰی کالجہل والعجز ونفی صفات الکمال۔ الخ
(ترجمہ) میں کہوں گا کہ کذب نقص ہے اور نقص اللہ تعالیٰ پر محال ہے۔ پس نہ ہو گا ممکنات سے اور نہ شامل ہو گی اس کو قدرت جیسے کہ نہیں شامل ہے تمام ان طریقوں کو کہ اللہ تعالیٰ پر نقص ہیں۔ جیسے جہل اور عجز اور صفات کمال کی نفی۔(دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)
0 comments:
اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔