عقیدت سے خرافات تک ۔۔۔۔۔تحریر :ڈاکٹرمحمد اسمٰعیل بدایونی
بہت پہلے ایک حکایت سُنی تھی ایک بچہ دوائی نہیں کھاتا تھا اور اپنی ماں سے کہتا دوائی بہت کڑوی ہوتی ہے اس لیے میں نہیں کھاؤں گاماں بڑی منت سماجت کرتی مگر بچہ دوائی کھانے پر راضی نہیں ہوتا تھا ایک دن ماں نے دوائی گلاب جامن میں رکھ کر دی اور کچھ دیر بعد پوچھا بیٹا ! مٹھائی کھا لی تو بچے نے جواب دیا جی امی ! مٹھائی کھا لی لیکن اس میں ایک گھٹلی تھی وہ پھینک دی ۔۔۔۔۔۔۔ہمارے ساتھ بھی بالکل ایسے نادان بچے والامعاملہ ہے میلاد النبی ﷺ کا مقصد تو یہ ہے اللہ کے نبی کی سیرت پر چلنے کا عہد کرو ۔۔۔۔۔اتباع رسول ﷺ کی تجدید کرو ۔۔۔۔اسوۂ حسنہ پر عمل کرو ۔۔۔۔۔اپنی اور اپنے اہل ِ خانہ کی زندگی میں نبی کریم ﷺ کے عطا کردہ نظام کا حقیقی نفاذ ۔۔۔۔۔۔
مگر آہ ! اے مسلمان ! یہ تم کیا کر رہے ہو؟ تم نے میلاد کی روح کو تو بہت دور چھوڑ دیا
آؤ! اللہ کے نبی ﷺ کے میلاد کے موقع پر اپنی اصلاح کریں آؤ شیطان اور اس کی ذریت کو شکست دیں
آؤ !!!!آؤ !!!!
• یہ دیکھو ! یہ کیا کررہے ہیں؟ اتنی اونچی آواز میں لاؤڈاسپیکر پر نعتیں پڑھی جا رہی ہیں اس محلے میں کچھ بیمار کچھ ضعیف اور کچھ چھوٹے بچے بھی ہوں گے یہ ان کی حق تلفی ہے اس کا تمہیں اللہ تعالیٰ کے حضور کل جواب دینا ہو گا ۔۔۔۔
• یہ دیکھیے ! یہ کیا ہو رہا ہے ؟ یہ راستہ کیوں بند کر دیا گیا ہے ؟ محفلِ میلاد ﷺ کے نام پر لوگوں کو اذیت دینا نہیں کیا اللہ کے نبی ﷺ نے نہیں فرمایا تھا کہ راستوں کو کشادہ کردو ۔۔۔۔۔محفلِ میلاد تو بہت اہتمام سے ہونا چاہے امام مالک جب اللہ کے نبی ﷺ کے پیغام کو سُناتے تو ایک تخت لایاجاتا اس پر چاندنی بچھائی جاتی نہایت ادب کے ساتھ اللہ کے نبی ﷺ کے پیغام کو سنا جا تا ایک موقع پر امام مالک کو بچھو نے سولہ دفعہ ڈنک مارا چہرے پر کئی رنگ آکر چلے گئے مگرحدیث کے ادب کی وجہ سے انہوں درس کو ادھورا نہیں چھوڑا ۔۔۔۔ہم تو باادب لوگوں کے ماننے والے ہیں یہ کیسا ادب ہے کہ محفلِ میلاد میں آئے ہیں لیکن روڈ سے چلتے چلتے میلاد میں بیٹھ گئے اور جیسے آئے تھے ویسے ہی چلے گئے ۔۔۔۔۔۔
• محفل میلاد میں جا رہے ہو سر پر ٹوپی تو رکھ لو اللہ کے نبی ﷺ کا ذکر سننے جا رہے ہو ۔۔۔۔کپڑے تو صاف ستھرے پہن لو خوشبو لگا کر اہتمام سے جاؤ ہمارے آقا و مولیٰ ﷺ کا میلاد ہے ۔۔۔۔۔کثرت سے نعتوں کے اہتمام کے بجائے اللہ کے نبیﷺ کی تعلیمات کا درس دیا جائےتقاریر زیادہ ہونی چاہیے ۔۔۔۔۔پھر یہ محفل میلاد کسی گندی سڑک پر کرنے کے بجائے کسی ہال میں میں کر لو گھر میں اہتمام کرو ۔۔۔۔اہتمام ۔۔۔اہتمام ۔۔۔۔اہتما م
کیا سمجھے اہتمام ؟۔۔۔۔۔
خوشبو سے آراستہ لوبان اور صندل کی خوشبو جلاؤ ۔۔۔۔ادب و احترام کے ساتھ شرکت کرو
• ارے بھئی یہ کیا ہورہا ہے ؟ چوری کی بجلی سے چراغاں ۔۔۔۔نہیں نہیں اللہ کے نبی ﷺ سے محبت کرنے والے اور چوری کی بجلی استعمال کریں یہ کیسے ہو سکتا ہے ؟
• یہ منظر بھی کس قدر اذیت ناک ہے۔۔۔یہ لنگر پر چھینا چھپٹی کیوں ہو رہی ہے رزق کی بے حرمتی ، یا اللہ !یا اللہ !!!!!!یہ اللہ کے نبی ﷺ کے ماننے والے ہیں آپ جہاں کھڑے ہیں وہاں کھڑے رہیے لنگر تقسیم کرنے والے آپ کو دے دیں گے توآپ لے لیجیے
یہ دنیا اس وقت آپ کو دیکھ رہی ہے کہ یہ رسول اللہ ﷺ کے غلام آپ ﷺ سے عقیدت کا دم بھرنے والے کس طرح ایک جوس کے ڈبے پر ایک دوسرے کو دھکے دے رہے ہیں کیا یہ انہی کے پیرو کار ہیں جو جام شہادت نوش کرلیتے تھے لیکن پانی کا پیالہ اپنے بھائی کے لیے چھوڑ دیتے تھے ؟
• یہ منظر تو نہایت تشویشناک ہے یہ چراغاں دیکھنے مرد وعورت کا کیسا مخلوط اجتماع ہے نامحرموں کے بدن ٹکرا رہے ہیں اللہ !اللہ ! یہ اللہ و رسول ﷺ کی صریح نافرمانی نہیں ہے کیا ؟
• یہ دیکھیے یہ میلاد النبی ﷺ کے نام پر کیا کیا جا رہاہے خانہ کعبہ اور روضہ رسول کے ماڈل بنا کر رکھ دئیے گئے ہیں اور ان کے سامنے لوگ دعائیں مانگ رہے ہیں اور صلوۃ و سلام پڑھا جا رہا ہے بلکہ کہیں کہیں تو نذرانے بھی وصول کیے جا رہے ہیں
• یہ بھی ایک عجیب منظر ہے یہ کوئی پیر صاحب ہیں غالباً صرف تہبند باندھے ہوئے باقی اوپر کا دھڑ ننگا اور سامنے بڑاسا کیک رکھا ہو ا ہے اور تالیاں بجاتے ہوئے کہا جا رہا ہے ہیپی برتھ ڈے یا رسول اللہ ﷺ
• پیشہ ور خطباء و نعت خواں کیوں اسٹیج کی زینت ہیں یہ ہزاروں کے لفافے طلب کرنے والے جو کبھی گانے کی پارٹی میں گانا گاتے نظر آتے ہیں تو کبھی نعت کی محفل میں نعتیں پڑھتے ہیں اور خود کو نعت خواں کے بجائے فنکار کہلانا پسند کرتے ہیں یہ سب کیا ہو رہا ہے ؟کیا محفلِ میلاد ایک رسم بن چکی ہے ؟ جس کے پاس زیادہ پیسے ہوں وہ اچھے نعت خواں کو بلا لے وہ ہی عاشقِ رسول ﷺ ؟ اگر میلاد کی محفل کو عقیدت و محبت کے ساتھ سجایا جائے تو جو روحانیت حاصل ہو گی اس کا اندازہ بھی نہیں ابھی آپ کو ۔
• یہ لیجیے یہ میلاد ریلی نکالی جا رہی ہے سیلنسر کے بغیر شور مچاتی موٹر بائیک ،کیا یہ ہے میلاد ریلی ، نوجوان لونڈوں کا ایک ہجوم ،منہ میں گٹکا ہاتھ میں چین ۔۔۔۔۔۔۔
• یہ بھی دیکھیے یہ کیا ہو رہا ہے میوزک والی نعتوں پر بھنگڑے ڈالے جا رہے ہیں یہ سب کیا ہے ؟ کیا یہ سب اللہ کے نبی ﷺ کا میلاد منایا جا رہا ہے ؟
مساجد نمازیوں سے خالی اور میلاد کی محافل میں ایک ہجوم یہ مسجد میں کیوں نہیں آتے اذان ہو رہی ہے یہ روڈ سجانے میں مصروف ہیں چراغاں کیجیے ضرور کیجیے مگر نمازوں کااہتمام بھی تو کیجیے فرض نمازیں جس کی رہ جائیں علماء فرماتے ہیں اس کی نفل قبول نہیں ہوتیں یہ تو مستحاب عمل ہے
چہرے سنتِ رسول ﷺ سے خالی ہیں اور دعویٰ عشق ِ رسول ﷺ کا اے نوجوان ! تو کیوں دھوکے میں ہے ؟
اے اللہ کے نبی ﷺ سے محبت کرنے والو!
یہ سب کچھ کیا ہورہا ہے ؟۔۔۔۔۔۔یہ ابلیس اور اس کی ذریت ہنس رہی ہے ہم پر ،آؤ ! خود کو بدلیں جو چیز اللہ و رسول ﷺ کی تعلیمات کے منافی ہو اس کو ترک کر دو
سب سے آخر میں وہ بات جس کا کرب ہر ایک درد مند مسلمان ہم چراغاں کرتے ہیں ضرور کیجیے مگر اس کے ساتھ ترجیحات کو طے کیجیے مدارس کا قیام عمل میں لائیے ان میں پڑھانے کے لیے اچھے اساتذہ لائیے اچھے اساتذہ کی تنخواہ بھی زیادہ ہوتی ہے یہ جو علم کے فانوس قوم کو دیں گےتوآپ دیکھیں قوم کے اذہان ایسے منور ہوں گے کہ ہر سمت چراغاں ہی چراغاں ہو گا من کے اندر بھی روشنی ہو گی اور باہر بھی
آؤ ! خود کو بدلیں ۔۔۔اپنی اس روش کو بدلیں ۔۔۔۔آؤ ہم اپنے آپ کو تبدیل کریں ۔۔۔۔اللہ و رسول ﷺ کی محبت میں سر شار ہو کر حقیقی معنی میں اللہ کے نبی ﷺ کا میلا دمنائیں
https://www.facebook.com/IslamicResearchSociety
Thursday, 8 December 2016
عقیدت سے خرافات تک
Posted by
Unknown
0 comments:
اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔