فضائل و برکات درود و سلام
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
درود و سلام پڑھنے کا صلہ یہ ملتا ہے کہ یہ درود و سلام ہمارے گناہوں کا کفارہ بن جاتا ہے۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ایک حدیث مبارکہ میں حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا : صَلُّوْا عَلَیَّ فَاِنَّ الصَّلٰوةَ عَلَیَّ زَکَاةٌ لَکُمْ.
ترجمہ : مجھ پر درود پڑھا کرو بلاشبہ مجھ پر (تمہارا) درود پڑھنا تمہارے لئے (روحانی وجسمانی) پاکیزگی کا باعث ہے۔(ابن ابی شيبه، المصنف، 2/203، رقم : 8704)
درود پڑھنے کو زکوۃ سے اس لئے تعبیر کیا گیا ہے کہ جس طرح زکوۃ نکالنے سے بقیہ مال پاک ہو جاتا ہے اسی طرح اگر درود و سلام کثرت سے پڑھا جائے تو سارے اعمال پاک ہو جائیں یعنی جس طرح زکوۃ مال کو پاک کرتی ہے اسی طرح درود و سلام اعمال کو پاک کرتا ہے اور اگر درود و سلام نہ پڑھا جائے تو اعمال پاک نہیں ہوتے۔ یہی وجہ ہے کہ رب کائنات کے نزدیک نماز سے بڑھ کر عمل کونسا ہوگا؟ جو معراج المومنین ہے۔ رب تعالیٰ نے اپنی اس عظیم عبادت میں اپنی ثنا شروع میں ایک بار رکھی جبکہ ساری نماز ختم کرکے تشہد میں اپنے محبوب پر درود و سلام تین بار رکھا۔ فرمایا میرے محبوب کو خطاب کر کے کہو السلام عليک ايها النبی ورحمة الله وبرکاته.
یارسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) آپ پر سلام ہو۔ اللہ کی رحمت ہو اور اس کی برکت حاصل ہو۔
لہذا پہلے حضورعلیہ الصلوۃ والسلام پر سلام رکھا ابھی درود کی باری نہیں آئی بلکہ اسے بعد کلمہ شہادت (اشهد ان لا اله الا الله واشهد محمد عبده ورسوله) رکھا کہ ’’میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور میں گواہی دیتا ہوں کہ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ کے بندے اور اس کے رسول ہیں‘‘۔ اس شہادت توحید و رسالت سے بھی پہلے حضور علیہ الصلوۃ والسلام پر سلام کروایا۔ اس سے معلوم ہوا کہ کوئی بندہ اگر نماز میں ہے اور اپنی توجہ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی طرف کر کے حضور علیہ السلام کو سلام پیش کر رہا ہے تو یہ عین حکم خداوندی ہے۔ توحید و رسالت کی شہادت اور صلوۃ و سلام علی المصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دونوں کے درمیان تعلق دیکھو کہ رب تعالیٰ اپنی نماز میں توحید و رسالت کی شہادت سے پہلے اپنے محبوب علیہ السلام پر سلام کروا کر اشارہ اس امر کی طرف کیا کہ توحید و رسالت کی شہادت اسی کی قبول ہوگی جو میرے مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر سلام پڑے جو سلام نہیں پڑھتا اس کی توحید و رسالت کی شہادت بھی قبول نہیں ہوگی جب توحید و رسالت کی شہادت ہوچکی تو اب صلوۃ رکھا۔ اور پھر فرمایا کہ کہو : اللهم صل علی محمد وعلی آل محمد کما صليت علی ابراهيم وعلی ال ابراهيم انک حميد مجيد. اللهم بارک علی محمد وعلی ال محمد کما بارکت علی ابراهيم وعلی ال ابراهيم انک حميد مجيد.(دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)
الہٰی! حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آل پر صلوۃ بھیج جس طرح تو نے صلوۃ بھیجا حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی آل پر بے شک تو تعریف کیا گیا بزرگ ہے ۔
یہاں ایک اہم نکتہ یہ کارفرما ہے کہ نماز میں باری تعالیٰ نے توحید و رسالت کی شہادت ایک بار رکھی جبکہ تین مرتبہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام رکھا جسے نماز کی قبولیت کا سبب بنایاگیا۔ اس لئے آقا علیہ السلام نے فرمایا مجھ پر درود پڑھو کیونکہ یہ درود تمہارے اعمال کی زکوۃ ہے ۔
حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود شریف پڑھنے کی فضیلت و اہمیت کے بارے میں کثرت کے ساتھ احادیث موجود ہیں۔
حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : إِذَا صَلَّيتُمْ عَليَّّ فَأَحْسِنُوا الصَّلٰوةَ فَإنَّکُمْ لَا تَدْرُوْنَ لَعَلَّ ذٰلِکَ يُعْرَضُ عَلَيَّ.
ترجمہ : جب تم مجھ پر درود بھیجو تو نہایت خوبصورت انداز سے بھیجو کیونکہ تم نہیں جانتے کہ تمہارا درود مجھے پیش کیا جاتا ہے۔(هندی، کنز العمال، 1 : 497، رقم : 2193)
حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا : اِذَا قَالَ ذٰلِکَ فُتِحَتْ لَهُ اَبْوَابُ الرَّحْمَة.
ترجمہ : جب وہ مجھ پر درود پڑھتا ہے تو اس کے لئے رحمت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں۔(بيهقی، السنن الکبریٰ، 1 : 44، رقم : 196)
آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : إِذَا کَانَ يَوْمُ الْجُمُعَةِ وَلَيْلَةُ الْجُمُعَةِ فَأَکْثِرُوا الصَّّلٰوةَ عَلَيَّ.
ترجمہ : جب جمعہ کی رات اور جمعہ کا دن آئے تو مجھ پر کثرت سے درود پڑھا کرو۔ (مسند الشافعی، 1 : 70)
حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود پڑھنا بڑی سعادت اور برکات کا باعث ہے۔ درود پڑھنے والے جہاں کہیں سے بھی پڑھیں وہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہِ اقدس میں پہنچ جاتا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : فإِنَّ صَلٰوتَکُمْ تَبْلُغُنِي حَيْثُ مَا کُنْتُمْ.
ترجمہ : پس تم جہاں کہیں بھی ہوتے ہو تمہارا درود مجھے پہنچ جاتا ہے۔(سنن أبی داؤد، 2 : 218، کتاب المناقب باب زيارة القبور، رقم : 2042)
غور کریں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : تمہارا درود خود مجھ تک پہنچتا ہے، یہ نہیں فرمایا کہ پہنچایا جاتا ہے۔ مراد یہ ہے کہ آقا علیہ الصلوٰۃ والسلام فرما رہے ہیں کہ سارا ہفتہ درود فرشتوں کے ذریعے پہنچایا جاتا ہے مگر جمعہ کے دن اور رات جہاں کہیں بھی تم پڑھتے ہو تمہارا درود میں خود وصول کرتا ہوں اور خود سنتا ہوں۔
حضرت ابوطلحہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں : دَخَلْتُ عَلَی النَّبِيِّ صلی الله عليه وآله وسلم يَوْمًا فَوَجَدْتُهُ مَسْرُوْرًا فَقُلْتُ : يَا رَسُوْلَ اﷲِ! مَا أَدْرِی مَتٰی رَأَيْتُکَ أَحْسَنَ بِشْرًا وَأَطْيَبَ نَفْسًا مِنَ الْيَوْمِ؟ قَالَ : وَمَا يَمْنَعُنِی وَجِبْرِيْلُ خَرَجَ مِنْ عِنْدِی السَّاعَةَ فَبَشَّّرَنِي أَنْ لِکُلِّ عَبْدٍ صَلَّی عَلَیَّ صَلَاةً يُکْتُبُ لَهُ بِهَا عَشْرُ حَسَنَاتٍ وَيُمْحٰی عَنْهُ عَشْرُ سَيِّئَاتٍ، وَيُرْفَعُ لَهُ عَشْرُ دَرَجَاتٍ، وَتُعْرَضُ عَلَیَّ کَمَا قَالَهَا، وَيُرَدُّ عَلَيْهِ بِمِثْلِ مَا دَعَا.(دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)
ترجمہ : ایک روز میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بہت خوش تھے، میں نے عرض کیا : یا رسول اللہ! میں نے آج سے بڑھ کر زیادہ خوش اور مسرور آپ کو کبھی نہیں پایا۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : آج جبریل امین (ں) آئے تھے ابھی نکل کر میرے پاس سے گئے ہیں اور مجھے انہوں نے خبر دی ہے کہ امت میں سے جو شخص مجھ پر ایک بار درود بھیجتا ہے۔ اﷲ تعالیٰ اس کی دس نیکیاں لکھ لیتا ہے، اس کے دس گناہ معاف کر دیتا ہے، اور جس طرح اس بندے نے درود بھیجا تھا اﷲ تعالیٰ انہی الفاظ سے اُس پر درود بھیجتا ہے۔(مصنف عبدالرزاق، 2 : 214، رقم : 3113)
ایک دوسری حدیث جسے امام ابو داؤد رحمۃ اللہ علیہ اور امام احمد بن حنبل رحمۃ اللہ علیہ نے روایت کیا ہے، میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : مَا مِن أَحَدٍ يُسَلِّمُ عَلَيَّ إِلَّا رَدَّ اﷲُ عَلَيَّ رُوْحِي حتَّی أَرُدَّ عَلَيْهِ السَّلَامَ.
ترجمہ : جب کوئی شخص مجھ پر سلام بھیجتا ہے تو اﷲ تبارک و تعالیٰ مجھے میری روح لوٹا دیتا ہے پھر میں اس سلام بھیجنے والے شخص کے سلام کا جواب خود دیتا ہوں۔(سنن ابی داؤد، 2 : 218، کتاب المناسک، باب زيارة القبور، رقم : 2041)
حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : مَنْ صَلَّی عَلَیَّ صَلَاةً وَاحِدَةً صَلَّی اﷲُ عَلَيْهِ عَشْرَ صَلَوَاتٍ وَحُطَّتْ عَنْهُ عَشْرُ خَطِيْئَاتٍ وَرُفِعَتْ لَهُ عَشْرُ دَرَجَاتٍ.
ترجمہ : جو شخص مجھ پر ایک مرتبہ درود بھیجتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس پر دس رحمتیں نازل فرماتا ہے، اس کے دس گناہ معاف کئے جاتے ہیں، اور اس کے لئے دس درجات بلند کئے جاتے ہیں۔(نسائی، السنن، کتاب السهو، باب الفضل فی الصلاة علی النبی صلی الله عليه وآله وسلم ، 4 : 50)(دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)
حضرت ابنِ مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : اَوْلَی النَّاسِ بِي يَوْمَ القِيَامَةِ أَکْثَرَهُمْ عَلَیَّ صَلَاةً.
ترجمہ : قیامت کے روز لوگوں میں سے میرے سب سے زیادہ قریب وہ شخص ہوگا جو (اس دنیا میں) ان سب سے زیادہ درود بھیجتا ہو گا۔
(ترمذی، الجامع الکبير، ابواب الوتر، باب ما جاء فی فضل الصلاة علی النبی صلی الله عليه وآله وسلم ، 1 : 495، رقم : 484)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی روایت ہے، حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : رَغِمَ أَنْفُ رَجُلٍ ذُکِرْتُ عِنْدَه فَلَمْ يُصَلِّ عَلَیَّ.
ترجمہ : وہ شخص ذلیل ہوا جس کے سامنے میرا ذکر کیا گیا اور اُس نے مجھ پر درود نہیں بھیجا۔( ترمذی، الجامع، ابواب الدعوات، باب قول رسول اﷲ صلی الله عليه وآله وسلم : رغم أنف رجل، 5 : 550، رقم : 3545)
حضرت سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : کُلُّ دُعاءِ مَحْجُوْبَ حَتّٰی يُصَلَّی عَلٰی مُحَمَّدٍ وَ اٰلِ مُحَمَّدٍ (صلی الله عليه وآله وسلم)
ترجمہ : ہر دعا اس وقت تک پردۂ حجاب میں رہتی ہے جب تک حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اہل بیت پر درود نہ بھیجا جائے۔
(طبرانی، المعجم الاوسط 1 : 220، رقم : 725)(دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)
مذکورہ بالا دلائل سے بخوبی واضح ہوا کہ کس طرح درود شریف اُمتیوں کے لئے بخشش و مغفرت، قبولیتِ دعا، بلندی درجات اور قرب الٰہی و قرب مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا باعث بنتا ہے۔
درود شریف کے فیوض و برکات : درود و سلام کے بے شمار فیوض و برکات ہیں جو درود شریف پڑھنے والوں کو بارگاہِ الٰہی سے نصیب ہوتے ہیں جن میں سے چند یہ ہیں :
آقا علیہ السلام کی بارگاہ سے تعلق نصیب ہوتا ہے۔
نسبتِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نصیب ہوتی ہے۔
کثرتِ درود و سلام سے حضور اقدس صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت کا دروازہ کھلتا ہے۔
کثرت سے پڑھا جانے والا درود و سلام خود توبہ بن جاتا ہے۔
کثرت سے درود و سلام پڑھنے سے گناہ معاف ہو جاتے ہیں۔
کثرت سے درود پڑھنے والا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شفاعت کا حقدار بن جاتا ہے۔
درود و شریف پڑھنے والے کو آقا علیہ الصلوٰۃ والسلام کی توجہ حاصل ہوتی ہے۔
درود شریف پڑھنے والا جب تک درود شریف پڑھتا رہتا ہے، اﷲ سبحانہ و تعالیٰ کی توجہ بھی اس کی طرف رہتی ہے۔
بے شک درود بھیجنا موت سے پہلے بندہ کو جنت مل جانے کی خوشخبری کا باعث بنتا ہے۔
درود شریف درود پڑھنے والے کے لئے زکوۃ اور طہارت ہے۔
تنگ دست اور مفلس کے لئے درود بھیجنا صدقہ کے قائم مقام ہے۔
درود شریف بھیجنا گناہوں کی مغفرت کا باعث بنتا ہے۔
درود بھیجنا روز محشر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے قریب تر ہونے کا سبب ہے۔
بے شک درود بھیجنا قیامت کی ہو لناکیوں سے نجات کا سبب بنتا ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خود درود وسلام بھیجنے والے کو اس کا جواب مرحمت فرماتے ہیں۔
درود شریف بھیجنے کی برکت سے بخیلی کی عادت ختم ہو جاتی ہے۔
پل صراط پر بندہ کے لئے افراط نور کا سبب درود شریف ہے۔
بے شک حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود بھیجنے سے بندہ جفا کی زد سے باہر نکل جاتا ہے۔
حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود پڑھنا مجالس کی زینت کا سبب بنتا ہے۔
درودو سلام کی مجالس فرشتوں کی مجالس اور جنت کے باغات ہیں۔
(ماخوذ سعادت دارین ، افضل الصّلوت )(دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)
0 comments:
اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔