علم غیب مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ و صحبہ وسلم احادیث مبارکہ کی روشنی میں
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
حضرت اسماءؓ سے روایت ہے کہ نبی کریمﷺنے اللہ تعالیٰ کی حمدوثنا بیان کی،پھر فرمایاکہ کوئی چیز ایسی نہیں جو مجھے دکھائی نہیں گئی تھی لیکن وہ میں نے اس جگہ دیکھ لی یہاں تک کہ جنت اور دوزخ بھی۔
بخاری شریف جلد نمبر1حدیث نمبر86صفحہ نمبر143
حضرت ابن عباسؓ سے روایت کہ نبی کریمﷺ دو قبروں کے پاس سے گزرے تو فرمایا کہ انھیں عذاب ہورہا ہے اور کسی کبیرہ گناہ کے باعث نہیں، ان میں سے ایک تو پیشاب کی چھینٹوں سے نہیں بچتا تھااور دوسرا چغلیاں کھاتا پھرتا تھا،پھر ایک سبز ٹہنی لی اور اُس کے دو حصے کرکے ہر قبر پر ایک حصہ گاڑ دیا،لوگ عرض گزار ہوئے کہ یارسول اللہﷺایسا کیوں کیا؟فرمایا کہ جب تک یہ خشک نہ ہوں تو شاید ان کے عذاب میں کمی ہوتی رہے۔
بخاری شریف جلد نمبر1حدیث نمبر215صفحہ نمبر188
بخاری شریف جلد نمبر1حدیث نمبر1271صفحہ نمبر553
بخاری شریف جلد نمبر3حدیث نمبر989صفحہ نمبر390
ان احادیث سے واضح ہے کہ حضورﷺسے قبر اور عالمِ برزخ کے حالات مخفی نہیں،یہاں تک کہ آپ نے واضح فرمادیا کہ ان قبر والوں کو کس عمل کی وجہ سے عذاب ہورہا ہے،بعض روایات میں آتا ہے کہ قبروں والوں کے حالات اور عذاب کو آپ کی سواری یعنی خچر نے بھی آپ کی نسبت ہونے کی وجہ سے دیکھ لیا جس کے باعث وہ بِدکا،
حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺنے فرمایا،تم کیا یہی دیکھتے ہو کہ میرا منہ اِدھر ہے؟خدا کی قسم،مجھ پر نہ تمھارا خشوع وخضوع پوشیدہ ہے اور نہ تمھارے رکوع،میں تمھیں پیٹھ کے پیچھے سے بھی دیکھتا ہوں۔
بخاری شریف جلد نمبر1حدیث نمبر404صفحہ نمبر255
بخاری شریف جلد نمبر1حدیث نمبر703صفحہ نمبر357
اس حدیثِ پاک میں حضورﷺ کا فرمانا کہ مجھ پر تمھارے خشوع ورکوع پوشیدہ نہیں ہیں،اس میں خود حضورﷺنے واضح فرمادیا کہ میری نگاہ سے کچھ چھپا ہوا نہیں ہے کیونکہ رکوع تو ظاہری اور جسمانی فعل کا نام ہے مگر خشوع تو قلبی کیفیت کا نام ہے جو خوفِ خدا سے پیدا ہوتی ہے،یہ بھی واضح فرما دیا کہ میں تمھیں اپنی پیٹھ کے پیچھے سے بھی دیکھتا ہوں اور تمھارے رکوع مجھ پر ظاہر ہیں اور ساتھ یہ بھی فرما دیا کہ تمھاری قلبی کیفیت بھی مجھ پر عیاں ہے کیونکہ دیکھنا آنکھوں میں موجود اللہ تعالیٰ کے عطا کردہ نور کاکام ہے اور جن کا مکمل سراپاء ہی اللہ تعالیٰ کا نور ہو بھلا اُن سے کوئی چیز کیسے پوشیدہ ہوسکتی ہے یعنی نہ حضورﷺ کی نگاہ سے ہمارے ظاہر پوشیدہ ہیں اور نہ ہی باطن،اسی طرح اگلی حدیث میں بھی فرمایا۔
حضرت انس بن مالکؓ نے فرمایاکہ نبی کریمﷺنے ہمیں نماز پڑھائی پھر منبر پر جلوہ افروز ہوکر نماز اور رکوع کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ میں تمھیں پیچھے سے بھی اُسی طرح دیکھتا ہوں جیسے سامنے سے تمھیں دیکھتا ہوں۔
بخاری شریف جلد نمبر1حدیث نمبر405صفحہ نمبر256
یہ مضمون کچھ کمی بیشی کے ساتھ جلد نمبر1 حدیث نمبر 703,686, 681 ,680میں بھی موجود ہے،حدیث نمبر702صفحہ357کے راوی حضرت ابوہریرہؓ ہیں۔
ہر سُو نگاہ ہے اُن کی لاجیں نبھا رہے ہیں
ایسے وہ دِلرُبا ہیں واللہ حبیبِ اللہﷺ
حضرت عبداللہ بن عباسؓ نے فرمایاکہ نبی کریمﷺ کے زمانہ مبارک میں سورج کو گرہن لگاتوآپﷺنے نماز پڑھی،لوگ عرض گزار ہوئے کہ یارسول اللہﷺ آپ نے اپنی جگہ پر کوئی چیز پکڑی تھی؟پھر ہم نے دیکھا کہ آپ پیچھے ہٹے،فرمایا کہ میں نے جنت دیکھی تو اُس میں سے ایک خوشہ پکڑنے لگا تھا اور اگر میں اُسے لے لیتا تو تم اُس میں سے رہتی دنیا تک کھاتے رہتے۔
بخاری شریف جلد نمبر1حدیث نمبر709صفحہ نمبر359
بخاری شریف جلد نمبر1حدیث نمبر990صفحہ نمبر454
سبحان اللہ نگاہِ حبیبِ خداﷺسے کچھ پوشیدہ نہیں لوگ کہتے ہیں کہ آپ کو معاذ اللہ دیوار کے پیچھے کا علم نہیں حالانکہ یہ مستند حدیث بتارہی ہے کہ بظاہر حضورﷺ مدینہ منورہ میں نماز پڑھا رہے ہیں اور آپ کی نگاہ ساتوں آسمانوں کوچیر کر جنت میں پہنچ گئی جبکہ ہر آسمان کی موٹائی پانچ سو برس کے راستے کے برابر ہے بھلا اُن کی نگاہ سے زمین کا کوئی راز کیسے چھپا رہ سکتا ہے اور اگلی بات کہ صرف جنت کا نظارہ نہیں کیا بلکہ واضح فرمادیا کہ میں اگر خوشہ پکڑ نا چاہتا تو پکڑ سکتایعنی جہاں نگاہِ مصطفیﷺنظارہ کرتی ہے وہاں دستِ مصطفیﷺکی رسائی بھی ہے پھر اُن سے اس دنیا کی کوئی چیز کیسے مخفی ہوسکتی ہے،معلوم ہوا کہ نہ حضورﷺسے کوئی چیز پوشیدہ ہے اور نہ آپ کے قبضہ واختیار سے باہر ہے۔
باطل کے سب اندھیرے نابود ہو گئے ہیں
طلوعِ سحر کا جلوہ شب کو مِٹا گیا ہے
ابن عمرؓسے روایت ہے کہ رسول اللہﷺنے کہا،اے اللہ!ہمیں ہمارے شام میں برکت دے اور ہمارے یمن میں،لوگ عرض گزار ہوئے اور ہمارے نجد میں،دوبارہ کہا،اے اللہ!ہمیں ہمارے شام میں برکت دے اور ہمارے یمن میں،لوگ پھر عرض گزار ہوئے اور ہمارے نجد میں،فرمایا کہ وہاں زلزلے اور فتنے ہیں اور شیطان کا گروہ وہیں سے نکلے گا۔
بخاری شریف جلد نمبر1حدیث نمبر976صفحہ نمبر448
بخاری شریف جلد نمبر3حدیث نمبر1971صفحہ نمبر777
معلوم ہوا کہ شام اور یمن کے علاقے برکت والے ہیں اور نجد کا علاقہ منحوس ہے اسی لیے آپ نے دعائے رحمت سے محروم رکھاکیونکہ نگاہِ مصطفیﷺسے پوشیدہ نہیں تھا کہ اس علاقہ سے شیطان جیسی توحید کے علمبردار نکلیں گے جو ہر لحاظ سے شیطان کی پیروری کرتے دکھائی دیں گے اور کھلم کھلاانبیائے کرام واولیائے کرام کی گستاخیاں کریں گے اسی لیے حضورﷺنے فرمایا اس علاقہ سے زلزلے و فتنے اور شیطان کی جماعت نمودار ہوگی،جن پر اللہ تعالیٰ کی لعنت برس رہی ہوگی اور وہ رحمتِ دوعالمﷺاور اُن کے عشاق سے محبت کو شرک قرار دے گی ، شیطان جیسی توحیدپرستی درحقیقت انبیاء کرام واولیائے کرام کی گستاخیوں کے علاوہ کچھ نہیں،اللہ تعالیٰ اپنے محبوب بندوں کا ادب واحترام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔امین
عزازیل کے مراتب کیوں خاک میں مِلے ہیں
تعظیم کے جو مُنکر لعنت اُٹھا رہے ہیں
حضرت انسؓ بن مالک سے روایت ہے کہ نبی کریمﷺنے فرمایا،جھنڈا زید نے لے لیا،وہ شہید کردئیے گئے پھر جعفر نے لے لیا وہ بھی شہید کردئیے گئے پھر عبداللہ بن رواحہؓ نے لے لیا وہ بھی شہید کردئیے گئے اور رسول اللہﷺکی مبارک آنکھوں سے آنسو رواں تھے،پھر بغیر امیر بنائے اُسے خالدؓ بن ولید نے لے لیا اور اُسے فتح مرحمت فرمادی گئی۔
بخاری شریف جلد نمبر1حدیث نمبر1168صفحہ نمبر516
بخاری شریف جلد نمبر2حدیث نمبر65صفحہ نمبر65
اس حدیثِ پاک سے بھی غیب دان نبیﷺکی بتائی ہوئی غیب کی باتیں نمایاں ہیں یعنی حضورﷺ مدینہ منورہ میں تشریف فرما ہوکر جنگِ موتہ کے علمبرداروں کی خبر دیتے رہے کہ اب جھنڈا فلاں نے اُٹھا لیااب وہ شہید ہوگئے ہیں حتیٰ کہ آخر تک بتا دیا کہ اب جھنڈا خالدؓ بن ولید نے سنبھال لیا ہے اور ان کے ہاتھوں پر اللہ تعالیٰ نے فتح مرحمت فرمادی ہے یہ تمام خبریں حضورﷺ مدینہ منورہ میں بیٹھ کر دے رہے تھے۔
دِلدارِ لَم ےَزلؐ کی خیرات بٹ رہی ہے
نورِ خدا کی ہر سُو سوغات بٹ رہی ہے
حضرت ابوحُمید ساعدی سے روایت ہے کہ ہم نے نبی کریمﷺکی معیت میں غزوہ تبوک کیا،جب ہم وادی القریٰ میں پہنچے تو ایک عورت اپنے باغ میں تھی،نبی کریمﷺنے اپنے اصحاب سے کہا کہ اندازہ لگاؤ اور رسول اللہﷺنے دس وسق کا اندازہ کیا،اُس عورت سے فرمایا کہ جتنی کجھوریں برآمد ہوں اُن کا حساب رکھنا جب ہم تبوک پہنچے تو فرمایا،آج رات بہت سخت آندھی آئے گی لہٰذاکوئی کھڑا نہ ہواور جس کے پاس اونٹ ہو وہ اُس کا گُھٹنا باندھ دے،ہم نے وہ باندھ دئیے اور سخت آندھی آئی،ایک آدمی کھڑا ہوا تو اُسے پہاڑ کے دامن میں پھینک دیا،ایلہ کے بادشاہ نے نبی کریمﷺکی خدمت میں ایک خچر اور چادر بطور تحفہ بھیجی،آپ نے اُس کا ملک اُسی کیلئے لکھ دیا،جب وادی القریٰ میں آئے تو اس عورت سے کہا،تمھارے باغ سے کیا حاصل ہوا؟عورت نے کہا دس وسق کجھوریں جوکہ رسول اللہﷺنے اندازہ کیا تھا، نبی کریمﷺنے کہا،میں جلد مدینہ منورہ پہنچنا چاہتا ہوں،جب اُحد نظر آیا تو فرمایا یہ پہاڑ ہم سے محبت رکھتا ہے اور ہم اس سے محبت رکھتے ہیں ۔ بخاری شریف جلد نمبر1حدیث نمبر1388صفحہ نمبر596
میرے دوستو!بلاشبہ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوبﷺکو پوشیدہ باتوں کا جاننے والا بنا کربھیجا ہے،جیسے آپ نے کجھوروں اور آندھی کے متعلق قبل از وقت خبر دی جس نے آندھی سے قبل حضورﷺکے حکم کے خلاف کھڑے ہونے کی کوشش کی تو اسے آندھی نے اُٹھا کر پہاڑ کے دامن میں پھینک دیا، آج بھی جو حضورﷺکے اوصاف ماننے سے انکار کرتے ہیں اور طرح طرح کی بے ادبیاں کرنے لگتے ہیں اُن کو بھی نفسِ امارہ اور شیطانی آندھیاں اُٹھا کر دامنِ مصطفیﷺسے دور پھینک دیتی ہیں۔
حضرت اُسامہ بن زیدؓ نے فرمایا کہ نبی کریمﷺمدینہ منورہ کے مکانات میں سے ایک اُونچے مکان پر چڑھے تو فرمایا،کیا تم دیکھ رہے ہوجو میں دیکھتا ہوں؟ بے شک میں تمھارے گھروں پر فتنوں کے گِرنے کی جگہوں کو دیکھ رہاہوں، جیسے بارش کے قطروں کے گِرنے کے مقامات ۔ بخاری شریف جلد نمبر1حدیث نمبر1751صفحہ نمبر714
حادثوں کا سلسلہ دُور تک تھا چار سُو
بچا گئی وُہ چشمِ تَر یہ کاروانِ زندگی
حضرت انس بن مالکؓ سے روایت ہے کہ نبی کریمﷺنے فرمایا،کوئی شہر ایسا نہیں جس کو دجال برباد نہیں کردے گاسوائے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے.ان کے راستوں میں سے کوئی راستہ ایسا نہیں ہوگا جس پر صف بستہ فرشتے حفاظت نہ کررہے ہوں گے پھر مدینہ منورہ کے رہنے والوں کو تین جھٹکے لگیں گے جن کے باعث اللہ تعالیٰ ہرکافر اور منافق کواس سے نکال دے گا ۔
بخاری شریف جلد نمبر1حدیث نمبر1754صفحہ نمبر715
اس حدیثِ پاک میں بھی غیب دان نبیﷺنے دجال کے فتنے کے متعلق اپنے عشاق کو آگاہ فرمایا کہ دجال کا فتنہ بہت سخت ہوگا وہ تمام شہر برباد کردے گا لیکن مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں داخل نہیں ہوسکے گا کیونکہ وہاں فرشتے صف بستہ دربانی کے فرائض انجام دے رہے ہونگے جواُس کو داخل نہیں ہونے دیں گے یہ اس لیے کہ یہ دونوں شہر اللہ تعالیٰ کے محبوب بندوں کی نشانیوں کو اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہیں جس طرح حضورﷺنے فرمایا کہ مکہ مکرمہ کو حضرت ابراہیمؑ نے حرم بنایا اور میں مدینہ منورہ کو حرم بناتا ہوں،اسی لیے اللہ تعالیٰ کو گوارا نہیں کہ جن شہروں کو میرے محبوب بندوں نے حرم بنایا وہاں دجال داخل ہوسکے،یہ بھی اس حدیث میں واضح ہے کہ ان شہروں میں کافروں اور منافقوں کا بسیرا ہونا کوئی عجیب بات نہیں مگر جب دجال کا فتنہ ظاہر ہوگا تو تمام فتنہ پسند اور فتنہ پھیلانے والے زلزلوں کے جھٹکوں کے باعث اُٹھا کر باہر پھینک دئیے جائیں گے اور وہ سبھی دجال کے ساتھ مل جائیں گے۔
حضرت انسؓ بن مالک سے روایت ہے کہ حضرت حارثہ بن سراقہؓ کی والدہ محترمہ دربارِ نبوتﷺ میں حاضر ہوکرعرض گزار ہوئیں،یانبی اللہﷺ!مجھے حارؓثہ کا حال بتائیے جو بدر کی لڑائی میں مارا گیا تھا،جبکہ اسے نامعلوم تیرلگا تھا،اگر وہ جنت میں ہے تومیں صبر سے کام لُوں،اگر معاملہ اس کے برعکس ہے تو میں دل کھول کر اس پر گریہ زاری کروں؟ارشاد فرمایا،اے امِ حارثہؓ!وہ جنت کے باغوں میں ہے اور بے شک تیرے لختِ جگر نے فردوسِ اعلیٰ پائی ہے ۔ بخاری شریف جلد2 حدیث نمبر74صفحہ70
بلاشبہ اللہ کریم نے اپنے محبوبﷺکو تمام غیب کا جاننے والا بنا کربھیجا ہے اسی لیے جب حضرت حارثہؓ کی والدہ محترمہ نے حضورﷺسے حضرت حارثہؓ کے متعلق دریافت کیا تو آپ نے یہ نہیں فرمایا کہ مجھے کیا معلوم یہ باتیں توصرف اللہ تعالیٰ ہی جانتا ہے بلکہ آپ نے وہیں بیٹھ کر نگاہ اُٹھائی اور حضرت حارؓثہ کے مقام کی خبر دے دی کہ وہ جنت الفردوس میں مزے لے رہا ہے اور یہ بتا کر آپ نے واضح فرمادیا کہ مجھے اللہ تعالیٰ نے تمام طاقتیں عطا فرمائیں ہیں یہ بھی معلوم ہوا کہ جن کی نگاہ سے جنت اور عرشِ معلیٰ کے حالات پوشیدہ نہیں اُن کے سامنے اس دنیا کے حالات کی خبر دینا کیا معنی رکھتا ہے،اللہ تعالیٰ حق ماننے کی توفیق عطا فرمائے۔ (امین) ( دعاؤں کا طالب ڈاکٹر فیض احمد چشتی )
0 comments:
اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔