سیدنا صدیق اکبر رضی اﷲ عنہ کی افضلیت پر اجماع صحابہ رضی اللہ عنہم
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
حضرت ابو الدرداء رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ رسول پاکﷺ نے فرمایا۔ انبیاء کرام علیہم السلام کے بعد ابوبکر اور عمر سے افضل کسی شخص پر نہ سورج طلوع ہوا ہے نہ غروب۔ ایک روایت میں ہے کہ انبیاء و رسل کے بعد ابوبکر اور عمر سے زیادہ افضل کسی شخص پر سورج طلوع نہیں ہوا ہے۔ حضرت جابر رضی اﷲ عنہ کی حدیث میں بھی ہے کہ حضورﷺ نے انہیں فرمایا اﷲ کی قسم! آپ سے افضل کسی شخص پر سورج طلوع نہیں ہوا ہے (مسند عبدبن حمید، حدیث 212، ص 101، ابو نعیم، طبرانی)
حضرت انس رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ رسول پاکﷺ نے فرمایا کہ انبیاء و رسل میں سے کسی کو بھی ابوبکر سے افضل کوئی ساتھی نصیب نہیں ہوا۔ یہاں تک کہ سورۂ یٰسین میں بیان ہونے والے جن انبیاء کرام علیہم السلام کے جس شہید ساتھی کا ذکر ہے، وہ بھی ابوبکر رضی اﷲ عنہ سے افضل نہ تھا (حاکم، ابن عساکر)
حضرت اسعد بن زراہ رضی اﷲ عنہ آقا کریمﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ رسول پاکﷺ نے ارشاد فرمایا کہ بے شک روح القدس جبریل امین نے مجھے خبر دی کہ آپﷺ کی امت میں آپﷺ کے بعد افضل ابوبکر ہیں (طبرانی المعجم الاوسط، حدیث 6448، جلد 5، ص 18)(دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)
حضرت سلمہ ابن اکوع رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ رسول پاکﷺ نے فرمایا کہ انبیاء کرام علیہم السلام کے سوا ابوبکر لوگوں میں سب سے بہتر ہیں (طبرانی، ابن عدی)
حضرت ابوہریرہ رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ رسول پاکﷺ نے فرمایا کہ نبیوں اور رسولوں کے سوا زمین وآسمان کی اگلی اورپچھلی مخلوق میں سب سے افضل ابوبکر ہیں (حاکم ،الکامل لابن عدی، حدیث 368، جلد 2،ص 180)
حضرت زبیر رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ رسول پاکﷺ نے فرمایا کہ میرے بعد میری امت میں سب سے بہتر ابوبکر اور عمر ہیں (ابن عساکر، ابو العطوف، ابن الجوزی، العینی)
حضرت ابن عمر رضی اﷲ عنہما سے روایت ہے کہ رسول پاکﷺ کی موجودگی میں ہم کہتے تھے کہ سب سے افضل ابوبکر، پھر عمر، پھر عثمان اور پھر علی ہیں (صحیح بخاری کتاب فضائل الصحابہ، حدیث 3655،جلد 2، ص 451)
حضرت بساط بن اسلم رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ رسول پاکﷺ نے حضرت ابوبکر و عمر رضی اﷲ عنہما سے فرمایا کہ میرے بعد تم پر کوئی بھی حکم نہیں چلائے گا (ابن سعد)
حضرت انس رضی اﷲ عنہ اور حصرت سہل سعد رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ رسول پاکﷺ نے فرمایا۔ ابوبکر کی محبت اور ان کا شکر میرے ہر امتی پر واجب ہے (ابن عساکر، تاریخ دمشق، حدیث 174، جلد 30، ص 141)
حضرت حجاج تمیمی رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ رسول پاکﷺ نے فرمایا جسے دیکھو کہ ابوبکر اور عمر کا برائی سے ذکر کرتا ہے تو سمجھ لو کہ دراصل وہ اسلام کی بنیاد کو ڈھا رہا ہے (ابن قانع)
حضرت انس رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ رسول پاکﷺ نے فرمایا کہ مجھے امید ہے کہ میری امت میں جتنے لوگ ابوبکر اور عمر کی محبت کے سبب جنت میں جائیں گے، اتنے لاالہ الا اﷲ کہنے کے سبب نہ جائیں گے (زوائد الزہد لعبداﷲ بن احمد، الصواعق المحرقہ)(دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)
https://www.facebook.com/sunniaqaid12/
0 comments:
اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔